ملائیشیا نے سعودی تعاون سے منشیات سمگل کرنے کی بڑی کوشش ناکام بنا دی
مملکت نے ملائیشیا کے متعلقہ ادارے کو اہم معلومات فراہم کی تھیں ( فوٹو: ایس پی اے)
ملائیشیا نے سعودی وزارت داخلہ کے تعاون سے 505 کلو گرام سے زائد منشیات (کیٹامائن) سمگل کرنے کی بڑی کوشش کو ناکام بنا دیا۔
ایس پی اے کے مطابق وزارت داخلہ کے سکیورٹی ترجمان بریگیڈیئر جنرل طلال شلھوب نے جمعے کو بتایا منشیات کی سمگلنگ میں ملوث کریمنل نیٹ ورکس کی جاری نگرانی کے نتیجے میں جنرل ڈائریکٹوریٹ آف نارکوٹکس نے ملائیشیا کے متعلقہ ادارے کو اہم معلومات فراہم کی تھیں۔
انہوں نے کہا ان معلومات کی بنیاد پر ملائیشیا کے رائل کسٹمز اینٹی نارکوٹکس یونٹ نے سمگلنگ کی اس کوشش کو ناکام بنا دیا۔
سکیورٹی ترجمان نے بین الاقوامی کریمنل نیٹ ورکس کا مقابلہ کرنے کے لیے دونوں ملکوں کے درمیان سکیورٹی شراکت اور ہم آہنگی کی تعریف کی۔
انہوں نے کہا کہ مملکت معاشرے اور نوجوان نسل کو منشیات کی لعنت سے بچانے کے لیے مجرمانہ سرگرمیوں کی نگرانی اور ان کے خلاف جنگ جاری رکھے گی۔
