ایئر انڈیا کی پرواز میں ہائیڈرولک نظام فیل، ڈرگ ٹیسٹ مثبت آنے پر پائلٹ برطرف
ایئر انڈیا کی پرواز میں ہائیڈرولک نظام فیل، ڈرگ ٹیسٹ مثبت آنے پر پائلٹ برطرف
ہفتہ 5 ستمبر 2026 10:27
جہاز کے پائلٹ کو ضابطے کی خلاف ورزی پر فوری طور پر ملازمت سے برطرف کر دیا گیا ہے (فائل فوٹو: سی ٹی وی نیوز)
ایئر انڈیا کی ایک پرواز کے گذشتہ ماہ اچانک بلندی سے نیچے کی جانب آنے کے باعث مسافر زخمی ہوگئے تھے، اور اس کے ہائیڈرولک نظام کے تینوں سرکٹس نے عارضی طور پر کام کرنا چھوڑ دیا تھا۔
تفتیش کاروں نے جمعے کو بتایا کہ ایئرلائن نے اس پرواز کے کپتان کو بھی ملازمت سے برطرف کردیا ہے، جس کے ڈرگ ٹیسٹ میں نفسیاتی اثرات رکھنے والے مادے کے استعمال کی تصدیق ہوئی تھی۔
ایئربس اے 320 طیارہ 137 مسافروں اور عملے کے آٹھ ارکان کو لے کر تھائی لینڈ کے شہر فوکٹ سے نئی دہلی جا رہا تھا کہ 4 اگست کو اچانک اپنی بلندی کھو بیٹھا۔ اس واقعے میں 24 افراد زخمی ہوئے، تاہم طیارہ کچھ دیر بعد مستحکم ہوگیا اور بحفاظت لینڈ کرگیا۔
انڈیا کی وزارتِ شہری ہوا بازی نے اس واقعے کو’سنگین ‘ قرار دیا ہے۔
ایئربس اور فرانس کی سول ایوی ایشن سیفٹی ایجنسی بی ای اے (BEA) دونوں نے یہ کہا ہے کہ وہ اس واقعے کی انڈین تفتیش میں معاونت کر رہے ہیں۔
انڈیا کے ایئرکرافٹ ایکسیڈنٹ انویسٹی گیشن بیورو (AAIB) کی جانب سے جمعے کو جاری کی گئی ابتدائی رپورٹ کے مطابق پرواز کے کنٹرول سسٹم نے چند سیکنڈ کے لیے ہائیڈرولک نظام کے تینوں سرکٹس میں خرابی کا پتا چلایا۔
رپورٹ میں کہا گیا کہ ’طیارے کو بلندی پر اچانک اور غیر معمولی تبدیلی کا سامنا کرنا پڑا۔‘
رپورٹ کے مطابق طیارہ ابتدائی طور پر 372 فٹ (113 میٹر) اوپر گیا اور پھر 292 فٹ (89 میٹر) نیچے آگیا۔
رپورٹ میں بتایا گیا کہ ہائیڈرولک نظام میں خرابی کے باعث طیارے کا آٹو پائلٹ منقطع ہوگیا اور دو سیکنڈ تک طیارے کے سٹال ہونے کی وارننگ جاری ہوئی۔ تاہم اس کے بعد نظام بحال ہوگیا اور طیارہ معمول کے مطابق پرواز کرنے لگا۔
تحقیقات میں یہ بھی بتایا گیا کہ طیارے کے کپتان کے تصدیقی ٹیسٹ میں ’نفسیاتی اثرات رکھنے والے مادے کے استعمال کے حوالے سے نتیجہ منفی نہیں تھا‘، یعنی ٹیسٹ میں ایسے مادے کے استعمال کی تصدیق ہوئی۔
رپورٹ میں کہا گیا کہ ’نفسیاتی اثرات رکھنے والے مادے کے استعمال کی تصدیق سنگین تشویش کا باعث ہے۔‘
ایئربس اے 320 طیارہ 137 مسافروں اور عملے کے آٹھ ارکان کو لے کر تھائی لینڈ کے شہر پھوکٹ سے نئی دہلی جا رہا تھا (فائل فوٹو: نیوز 18)
ایئر انڈیا کے ترجمان نے بتایا کہ پائلٹ کو کمپنی کی جانب سے ’حفاظتی، جسمانی اہلیت یا ضابطہ جاتی تقاضوں کی خلاف ورزی کے حوالے سے زیرو ٹالرنس‘ کی پالیسی کے تحت فوری طور پر ملازمت سے برطرف کردیا گیا ہے۔
اس واقعے کے بعد انڈیا کی وزارتِ شہری ہوا بازی نے کہا تھا کہ ملک کا ہوا بازی ریگولیٹر نفسیاتی اثرات رکھنے والے مادوں کی سکریننگ کے قوانین مزید سخت کرنے پر غور کر رہا ہے۔
ایئر انڈیا نے گزشتہ ماہ اپنے تمام پائلٹس کے لیے ایک مرتبہ لازمی ڈرگ سکریننگ کا حکم بھی دیا تھا۔
یہ تحقیقات ٹاٹا گروپ کی ملکیت ایئر انڈیا کو درپیش تازہ ترین چیلنج ہیں۔ ایئرلائن کو متعدد مشکلات کا سامنا رہا ہے اور وہ ان مسلسل دھچکوں کے بعد اپنی کارکردگی بہتر بنا کر دوبارہ مستحکم ہونے کی کوشش کر رہی ہے۔
مشرقِ وسطیٰ میں جاری جنگ کے باعث پروازوں میں خلل نے بھی ایئرلائن کو متاثر کیا ہے۔
ایئر انڈیا کی ساکھ کو سب سے بڑا دھچکہ جون 2025 میں لگا، جب لندن جانے والی ایئر انڈیا کی پرواز 171، جو بوئنگ 787 ڈریم لائنر تھی، احمد آباد سے ٹیک آف کے کچھ ہی دیر بعد گر کر تباہ ہوگئی۔ طیارے میں سوار 242 افراد میں سے ایک کے سوا باقی سب ہلاک ہوگئے، جبکہ زمین پر موجود 19 افراد بھی اس حادثے میں جان سے چلے گئے۔
انڈین ایئرلائن نے گزشتہ ماہ ٹیوولڈے گیبریاماریام کو اپنا نیا چیف ایگزیکٹو مقرر کیا ہے۔ ایئر انڈیا کو امید ہے کہ ایتھوپین ایئرلائنز کے سابق سربراہ کمپنی کو موجودہ بحران سے نکال کر اسے منافع بخش بنانے میں کامیاب ہوں گے۔