Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

پائلٹ کے چرس پینے کی رپورٹ کے بعد ایئر انڈیا کا تمام پائلٹس کے ڈرگ ٹیسٹ لازمی کرانے کا فیصلہ

مقامی میڈیا رپورٹس کے مطابق طیارے کے مرکزی پائلٹ نے چرس استعمال کی تھی اور دوسرے تصدیقی ٹیسٹ میں بھی ان کا نتیجہ مثبت آیا۔ (فوٹو: روئٹرز)
ایئر انڈیا نے تمام پائلٹس کے لیے ڈرگ ٹیسٹ لازمی قرار دے دیا ہے۔
خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق یہ فیصلہ ایک حالیہ فضائی واقعے کے بعد کیا گیا ہے، جس میں مبینہ طور پر طیارے کے کپتان کے چرس استعمال کرنے کا ٹیسٹ مثبت آیا تھا۔
اے ایف پی کے مطابق ایئر انڈیا کی جانب سے جاری کیے گئے ایک اندرونی مراسلے میں کہا گیا ہے کہ پائلٹس کی ڈرگ سکریننگ جمعرات سے شروع کر دی گئی ہے۔ موجودہ قواعد کے تحت ایئر لائنز کو ہر سال اپنے کم از کم 10 فیصد فلائٹ کریو کا نفسیاتی اثر رکھنے والے مادوں کے لیے اچانک ٹیسٹ کرنا ہوتا ہے۔
تاہم ایئر انڈیا نے اب تمام پائلٹس کی مکمل سکریننگ کا فیصلہ کیا ہے تاکہ ایسے ممنوعہ مادوں یا ادویات کا پتا چلایا جا سکے جو موجودہ قوانین کے تحت اجازت یافتہ نہیں ہیں۔
یہ فیصلہ 4 اگست کو پیش آنے والے ایک واقعے کے بعد کیا گیا، جب تھائی لینڈ کے شہر فوکٹ سے نئی دہلی جانے والا ایئربس اے320 طیارہ پرواز کے کچھ ہی دیر بعد اچانک تقریباً 300 فٹ (91 میٹر) نیچے آ گیا۔ اس واقعے میں کم از کم 24 مسافر زخمی ہوئے تھے۔
مقامی میڈیا رپورٹس کے مطابق طیارے کے مرکزی پائلٹ نے چرس استعمال کی تھی اور دوسرے تصدیقی ٹیسٹ میں بھی ان کا نتیجہ مثبت آیا۔ تاہم ایئر انڈیا کا کہنا ہے کہ اسے ٹیسٹ کے نتائج فراہم نہیں کیے گئے۔
انڈین تحقیقاتی حکام نے ان رپورٹس پر کوئی تبصرہ نہیں کیا، تاہم ان کا کہنا ہے کہ وہ پرواز سے متعلق شواہد کا باریک بینی سے جائزہ لے رہے ہیں۔ تحقیقات میں ایئربس اور فرانس کے سول ایوی ایشن سیفٹی ادارے بی ای اے کی معاونت بھی حاصل ہے۔
یہ واقعہ ایسے وقت میں پیش آیا ہے جب ایئر انڈیا مسلسل مشکلات کے بعد اپنے آپریشنز میں بہتری لانے کی کوشش کر رہی ہے۔
ایئر انڈیا کی ساکھ کو جون 2025 میں اس وقت بڑا دھچکہ لگا تھا جب احمد آباد سے ٹیک آف کے فوراً بعد لندن جانے والی فلائٹ 171 حادثے کا شکار ہو گئی تھی۔ طیارے میں سوار 242 افراد میں سے صرف ایک شخص زندہ بچا تھا، جبکہ زمین پر موجود 19 افراد بھی ہلاک ہوئے تھے۔
گزشتہ ہفتے ایئر انڈیا نے ایتھوپین ایئرلائنز کے سابق سربراہ ٹیوولڈے گیبریاماریام کو اپنا نیا چیف ایگزیکٹو مقرر کیا ہے۔

شیئر: