Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ایئر انڈیا ایکسپریس کی خلیج اور شمال مشرقی انڈیا کے درمیان پہلی براہِ راست پروازوں کا اگست میں آغاز

ایئر لائن نے جمعرات کو جاری کردہ بیان میں کہا کہ ’نئے روٹس سیاحت، تجارت اور ثقافتی تبادلے کو سہارا دیں گے۔‘ (فوٹو: ایئر انڈیا ایکسپریش)
انڈین بجٹ ایئر لائن ایئر انڈیا ایکسپریس نے اعلان کیا ہے کہ وہ اگست میں شمال مشرقی انڈیا اور خلیجی ممالک کے درمیان براہِ راست پروازیں شروع کرے گی جو اپنی نوعیت کا پہلا روٹ ہوگا۔
عرب نیوز کے مطابق خلیجی ممالک ہر سال بیرونِ ملک سفر کرنے والے انڈین شہریوں کے لیے مستقل طور پر دس بڑے مقامات میں شامل رہتے ہیں جن میں متحدہ عرب امارات اور سعودی عرب سرفہرست ہیں۔ 2024 میں سرکاری اعداد و شمار کے مطابق، ایک کروڑ 40 لاکھ سے زائد انڈین شہری اس خطے میں گئے۔
ایئر انڈیا ایکسپریس، جو قومی ایئر لائن ایئر انڈیا کی کم لاگت یونٹ ہے، 4 اور 7 اگست کو شمال مشرقی انڈیا کے سب سے بڑے شہر گوہاٹی سے دبئی اور ابوظہبی کے لیے براہِ راست پروازیں شروع کرے گی تاکہ علاقائی روابط کو فروغ دیا جا سکے۔
ایئر لائن نے جمعرات کو جاری کردہ بیان میں کہا کہ ’نئے روٹس سیاحت، تجارت اور ثقافتی تبادلے کو سہارا دیں گے، جبکہ شمال مشرقی انڈیا کو عالمی منڈیوں اور مواقع کے قریب لائیں گے۔‘
یہ پہلی بار ہوگا کہ گوہاٹی کا بین الاقوامی ہوائی اڈہ براہِ راست کسی خلیجی ملک سے منسلک ہوگا، جہاں تقریباً 90 لاکھ انڈین شہری رہتے اور کام کرتے ہیں۔
انڈیا کے مشرقی اور شمال مشرقی حصوں کے بہت سے مسافر روایتی طور پر بین الاقوامی سفر کے لیے دہلی جیسے بڑے ہوائی اڈوں پر انحصار کرتے رہے ہیں۔
ایئر انڈیا ایکسپریس نے مزید کہا ’یہ خدمات بین الاقوامی سفر کے اختیارات کو وسعت دینے اور خطے کے لیے عالمی روابط کو مضبوط بنانے میں ایک اہم سنگِ میل ہیں۔‘
ایئر لائن نے جولائی میں ممبئی کے نئے بین الاقوامی ہوائی اڈے، نوی ممبئی، سے ابوظبی کے لیے نئی پروازوں کا بھی اعلان کیا، جس سے انڈیا اور مغربی ایشیا کو جوڑنے والے اس کے وسیع نیٹ ورک میں اضافہ ہوگا۔
انڈین ایئر لائنز نے حالیہ دنوں میں خلیج کے لیے بڑھتی ہوئی طلب کو پورا کرنے کی کوششیں تیز کر دی ہیں۔
اسی ماہ کے آغاز میں، ریاض ایئر اور ایئر انڈیا نے ایک نئی شراکت داری کا اعلان کیا جس کے تحت جلد ہی انٹر لائن اور کوڈ شیئر معاہدے متعارف کرائے جا سکتے ہیں۔ یہ اس سال فروری میں ایئر انڈیا اور سعودیہ کے درمیان ہونے والے کوڈ شیئر معاہدے کے بعد ہے۔

 

شیئر: