امریکہ: طیارے کی ہنگامی لینڈنگ، ہنگامہ آرائی کرنے والے مسافر کو ٹیپ لگا کر سیٹ کے ساتھ باندھ دیا گیا
امریکہ: طیارے کی ہنگامی لینڈنگ، ہنگامہ آرائی کرنے والے مسافر کو ٹیپ لگا کر سیٹ کے ساتھ باندھ دیا گیا
ہفتہ 5 ستمبر 2026 12:19
ایک فضائی میزبان نے صورت حال پر قابو پانے کی کوشش کی، لیکن ہنگامہ آرائی کرنے والا مسافر مزید مشتعل ہو گیا (فوٹو: سی این این)
جمعرات کی شب ایک مسافر کی جانب سے طیارے میں ہنگامہ آرائی کرنے کے بعد اسے لچک دار ہتھکڑیوں اور ڈکٹ ٹیپ کی مدد سے فرسٹ کلاس کی نشست سے باندھ دیا گیا۔ دیگر مسافروں کی جانب سے بنائی گئی تصاویر اور ویڈیوز میں واضح طور پر یہ منظر دیکھا جا سکتا ہے۔ واقعے کے باعث پرواز کا رُخ تبدیل کرکے بالٹی مور میں ہنگامی لینڈنگ کرنا پڑی۔
مسافر رچرڈ اولینک نے کہا کہ ’وہ اور خوان میخیا پرواز کا نصف سے زیادہ سفر طے کر چکے تھے جب فرسٹ کلاس سیکشن میں ان سے دو قطاریں عقب میں موجود ایک مسافر جارحانہ رویہ اختیار کرنے لگا۔‘
امریکی فیڈرل ایوی ایشن ایڈمنسٹریشن (ایف اے اے) نے ایک بیان میں کہا کہ ’امریکن ایئرلائنز کی پرواز 618 ڈلاس فورٹ ورتھ انٹرنیشنل ایئرپورٹ سے نیوآرک جا رہی تھی جب عملے نے طیارے میں ایک مسافر کی ہنگامہ آرائی کی اطلاع دی۔
رچرڈ اولینک کے مطابق، ایک فضائی میزبان نے صورت حال پر قابو پانے کی کوشش کی، لیکن وہ شخص مزید مشتعل ہو گیا۔ اس نے اپنے ساتھ والے مسافر کو مارنا شروع کر دیا اور پھر ایک خاتون کو بھی مارا جو معاملہ روکنے کے لیے مداخلت کرنے کی کوشش کر رہی تھی۔
نیو جرسی پولیس کے ریٹائرڈ افسر خواں میخیا نے جب اس صورتِ حال کو ہاتھا پائی میں تبدیل ہوتے دیکھا تو وہ اپنی نشست سے اُٹھ گئے اور رچرڈ اولینک بھی ان کے عقب میں چل پڑے۔
رچرڈ اولینک نے کہا کہ ’وہ بدسلوکی کرنے لگا تھا اور گالیاں دے رہا تھا۔‘ اُن کے اور خواں میخیا دونوں کے مطابق، اُس شخص نے نسلی اور ہم جنس پرست افراد کے خلاف توہین آمیز الفاظ بھی استعمال کیے۔
ایک فضائی میزبان نے رچرڈ اولینک، خواں میخیا اور ایک تیسرے شخص کو پلاسٹک کی زِپ ٹائیاں دیں، جن کی مدد سے انہوں نے اس شخص کے ہاتھ باندھ دیے۔ اس دوران وہ مسلسل چیخ رہا تھا، ’مجھ سے دور ہو جاؤ۔‘
دونوں مسافروں کے مطابق، اس شخص نے پھر خواں میخیا کو کاٹ لیا اور رچرڈ اولینک کو بھی کاٹنے کی کوشش کی۔ اس پر تینوں افراد نے فضائی میزبان سے حاصل کی گئی ڈکٹ ٹیپ کے ذریعے اسے مزید قابو کرنے کی کوشش کی۔
رچرڈ اولینک نے بتایا کہ خواں میخیا کے مشورے پر انہوں نے احتیاط کی اور اس شخص کے منہ پر ٹیپ نہیں لگائی تاکہ اسے سانس لینے میں دشواری نہ ہو۔
رچرڈ اولینک اگلے 15 منٹ تک اس قابو کیے گئے مسافر کی گود میں موجود رہے اور طیارے نے بالآخر میری لینڈ میں ہنگامی لینڈنگ کی۔
ایف بی آئی کے ایک بیان کے مطابق، طیارے کی بحفاظت بالٹی مور/واشنگٹن کے ہوائی اڈے پر ہنگامی لینڈنگ کے بعد ہنگامی آرائی کرنے والے شخص کو ریاستی قوانین کے تحت گرفتار کر لیا گیا۔ حکام نے گرفتار شخص کی شناخت ظاہر نہیں کی۔
طیارے کی واشنگٹن میں بحفاظت لینڈنگ کے بعد ہنگامہ آرائی کرنے والے مسافر کو حراست میں لے لیا گیا (فوٹو: سی این این)
تجارتی طیاروں میں پرتشدد حرکات یا ہنگامہ آرائی کرنے والے مسافروں کو قابو کرنے کے لیے عموماً ڈکٹ ٹیپ اور لچک دار ہتھکڑیاں موجود ہوتی ہیں۔
ایف اے اے کے مطابق، رواں سال اب تک مسافروں کی جانب سے ہنگامہ آرائی کرنے کے 1160 سے زیادہ واقعات رپورٹ ہو چکے ہیں۔
ایف اے اے فوجداری کارروائی کرنے کے علاوہ ایسے کسی بھی مسافر کے خلاف43 ہزار ڈالر سے زیادہ جرمانے کی کارروائی بھی کر سکتی ہے جو ’ایئرلائن کے عملے پر حملہ کرے، دھمکی دے، خوف زدہ کرے یا ان کے فرائض میں مداخلت کرے۔‘