آسٹریلوی پرواز میں لڑائی، مسافر کے فلائٹ اٹنڈنٹ کو ’دانتوں سے کاٹنے‘ پر ہنگامی لینڈنگ
ہنگامی لینڈنگ کے بعد حملہ کرنے والے مسافر کو حکام کے حوالے کر دیا گیا (فوٹو: سکرین شا)
آسٹریلیا سے امریکہ جانے والی پرواز کے دوران ایک مسافر نے فلائٹ اٹنڈنٹ کو دانتوں سے کاٹ لیا جس پر جہاز ہنگامی طور پر اتار دیا گیا۔
فرانسیسی خبر رساں ادارے اے ایف پی نے آسٹریلیا کے مقامی میڈیا کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا ہے کہ آسٹریلوی فضائی کمپنی قنطاس کی پرواز نے میلبرن سے اڑان بھری اور امریکی ریاست ٹیکساس کے شہر دلاس جا رہی تھی، تاہم اس وقت افراتفری پیدا ہو گئی جب ایک مسافر کا فلائٹ اٹنڈنٹ کے ساتھ جھگڑا ہوا اور اس کو مبینہ طور پر دانتوں سے کاٹ کر زخمی کر دیا۔
واقعے کے بعد جہاز میں ہلچل مچ گئی اور انتظامیہ نے حرکت میں آتے ہوئے پہلے جہاز کا رخ موڑا اور پھر اس کو فرانسیسی شہر پولینیسیا کے ایئرپورٹ پر ہنگامی لینڈنگ کی۔
آسٹریلین براڈکاسٹنگ کارپوریشن (اے بی سی) کے مطابق واقعے کے بعد دوسرے مسافروں نے مداخلت کرتے ہوئے حملہ کرنے والے شخص کو قابو کر لیا۔
جس کے بعد انتظامیہ نے متعلقہ حکام سے رابطہ کر کے صورت حال سے آگاہ کیا جس پر طیارے کو اتارنے کا فیصلہ کیا گیا۔
رپورٹ کے مطابق طیارے کے اترنے کے بعد حملہ کرنے والے شخص کو مقامی پولیس کے حوالے کر دیا گیا اور آئندہ اس کے کنٹاس ایئرلائنز پر سفر پر پابندی لگا دی گئی۔
قنتطاس ایئر کے ترجمان نے اے ایف پی سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ’مسافروں اور عملے ارکان کی حفاظت کمپنی کی اولین ترجیح ہے اور ہم اپنی پروازوں میں دھمکی آمیز رویے یا ہنگامہ آرائی کو قطعاً برداشت نہیں کرتے۔‘
