شاہی مہمانوں نے مسجد قبا اور مدینے کے تاریخی مقامات کا دورہ کیا
23 افریقی ملکوں کے 250 افراد یکم ستمبر کو مدینہ منورہ پہنچے ہیں۔( فوٹو: ایس پی اے)
ضیوف خادم حرمین شریفین پروگرام برائے حج و عمرہ کے مہمانوں نے اتوار کو ثقافتی پروگرام کے ایک حصے کے طور پر جبل احد، مسجد قبا اور مدینہ منورہ کے دیگر تاریخی مقامات کا دورہ کیا۔
شاہی مہمانوں نے تاریخی مساجد اور اسلامی مقامات کی دیکھ بھال کے حوالے سے کوششوں کو سراہا، اور خدمات کی فراہمی پر سعودی قیادت کا شکریہ ادا کیا۔
یاد رہے تیسرے گروپ میں شامل 23 افریقی ملکوں سے تعلق رکھنے والے 250 افراد یکم ستمبر کو مدینہ منورہ پہنچے ہیں۔
اس گروپ میں مصر، مراکش، تیونس، الجزائر، سینیگال، گنی، کیمرون، نائیجیریا، گھانا، نائیجر، ایتھوپیا، روانڈا، موریطانیہ، آئیوری کوسٹ، برکینا فاسو، چاڈ، تنزانیہ، جنوبی افریقہ، زیمبیا، نمیبیا، انگولا اور مالی کے زائرین شامل ہیں۔
خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبد العزیز نے ذاتی خرچ پر مختلف ملکوں سے ایک ہزار افراد کو عمرہ کرانے کی منظوری دی ہے۔

یہ دورہ، وزارت اسلامی امور کے ثقافتی اور تعلیمی پروگرام کا حصہ ہے۔ جس کا مقصد مہمانوں کے تجربات کو بہتر بنانا اور انہیں یہ دکھانا ہے کہ مملکت مقدس مساجد اور اسلامی و تاریخی مقامات کی دیکھ بھال پر کس قدر توجہ دے رہی ہے۔
