شہزادہ فیصل بن فرحان سے برطانوی اور بحرینی وزرائے خارجہ کا رابطہ، علاقائی کشیدگی پر تبادلہ خیال
علاقائی صورتحال کے حوالے سے سفارتی کوششیں تیز کرنے پر زور دیا گیا ( فوٹو: ایکس اکاؤنٹ)
سعودی وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان سے اتوار کو برطانوی ہم منصب ایڈ ملی بینڈ نے ٹیلی فون پر رابطہ کیا ہے۔
ایس پی اے کے مطابق رابطے کے دوران سعودی عرب اور برطانیہ کے درمیان تعلقات، تعاون اور مشترکہ رابطوں کو بڑھانے کے طریقوں کا جائزہ لیا گیا۔
وزرائے خارجہ نے حالیہ علاقائی اور بین الاقوامی ڈیویلمپنٹ خصوصا خطے کی صورتحال، سکیورٹی اور استحکام پر اس کے اثرات کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا۔
کشیدگی کو کم کرنے، بین الاقوامی آبی گزر گاہوں کی سیکورٹی اور فریڈم آف نیویگیشن کو یقینی بنانے کے لیے جاری سفارتی کوششوں کو تیز کرنے کی اہمیت پر بھی بات کی گئی جس سے بین الاقوامی تجارت اور سپلائی چین کے تحفظ میں مدد ملے گی۔

علاوہ ازیں وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان سے بحرین کے وزیر خارجہ ڈاکٹر عبداللطیف بن راشد الزیانی نے ٹیلی فون پر رابطہ کیا ہے۔
رابطے کے دوران خطے کی صورتحال، سکیورٹی اور استحکام برقرار رکھنے کے حوالے سے کی جانے والی کوششوں پر بات کی گئی۔
