سعودی اور جرمن وزرائے خارجہ کے درمیان سٹریٹیجک ڈائیلاگ پر اتفاق
فریڈم آف نیویگیشن، ریاض اور برلن کے درمیان تعلقات پر تبادلہ خیال کیا گیا ( فوٹو: ایس پی اے)
سعودی عرب اور جرمنی نے وزرائے خارجہ کی سطح پر سٹریٹیجک ڈائیلاگ قائم کرنے پر اتفاق کیا ہے۔
سعودی وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان اور جرمن ہم منصب جوہان وڈے فل نے برلن میں ملاقات کے دوران علاقائی سکیورٹی، فریڈم آف نیویگیشن، ریاض اور برلن کے درمیان تعلقات پر تبادلہ خیال کیا۔
سعودی وزیر خارجہ جرمنی کے سرکاری دورے پر ہیں۔ دونوں وزرائے خارجہ نے دونوں ملکوں کے دیرینہ تعلقات اور مختلف شعبوں میں تعاون کو مضبوط بنانے کے طریقوں کا جائزہ لینے کے لیے ملاقات کی۔
وزرائے خارجہ نے خطے کی حالیہ صورتحال پر تبادلہ خیال کے دوران بین الاقوامی آبی گزر گاہوں کی سکیورٹی اور سیفٹی کو یقینی بنانے، فریڈم آف نیویگیشن کی اہمیت اور آبنائے ہرمز کے نارمل سٹیٹس کو بحال کرنے کی ضرورت پر بھی زور دیا۔
انہوں نے علاقائی اور بین الاقوامی بحرانوں کے حل کے لیے سفارتی اور پرامن کوششوں کی سپورٹ کا بھی اعادہ کیا۔

سعودی عرب اور جرمنی کے درمیان تجارتی حجم، مختلف شعبوں میں تعاون اور سرمایہ کاری کے مزید مواقع بڑھانے کے طریقوں سمیت اقتصادی اور تجارتی تعلقات پر بھی بات کی گئی۔
بعد ازاں سعودی عرب اور جرمنی کی حکومتوں کے درمیان وزرائے خارجہ کی سطح پر سٹریٹیجک ڈائیلاگ کے قیام کے لیے مفاہمتی یادداشت پر دستخط کیے گئے۔