Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان سائبر سکیورٹی تعاون کا معاہدہ

وزارت کے مطابق شزا فاطمہ خواجہ نے اپنے دورے کے دوران ٹیک ڈیسٹینیشن پاکستان پویلین کا باقاعدہ افتتاح بھی کیا۔ (فوٹو: عرب نیوز)
پاکستان کی وزارت انفارمیشن ٹیکنالوجی کا کہنا ہے کہ پاکستان اور سعودی عرب نے ریاض میں حال ہی میں منعقد ہونے والی LEAP 2026 ٹیک کانفرنس کے دوران دوطرفہ سائبر سکیورٹی تعاون کو مضبوط بنانے کے لیے مفاہمت کی یادداشت پر دستخط کیے ہیں۔
لیپ سعودی عرب کی ٹیکنالوجی اور جدت کے حوالے سے سب سے بڑی کانفرنس ہے، جو ہر سال منعقد ہوتی ہے۔
اس سال کانفرنس 31 اگست سے 3 ستمبر تک جاری رہی، جس میں 1,800 سے زائد ٹیکنالوجی برانڈز، 600 اسٹارٹ اپس اور 1,900 سرمایہ کاروں نے شرکت کی۔
وزارتِ آئی ٹی کے مطابق وفاقی وزیر برائے آئی ٹی شزا فاطمہ خواجہ نے LEAP 2026 میں کامیاب دورہ مکمل کیا، جہاں انہوں نے کلیدی خطاب کیا اور پاکستانی وفد کی قیادت کی۔
پاکستانی وفد نے تقریب میں ملک کی ڈیجیٹل صلاحیتوں اور جدت کو اجاگر کیا اور نمایاں سرمایہ کاری حاصل کرنے میں کامیاب رہا۔
وزارت کے بیان کے مطابق پاکستان کی وزارتِ انفارمیشن ٹیکنالوجی و ٹیلی کمیونیکیشن اور سعودی عرب کی نیشنل سائبر سکیورٹی اتھارٹی کے درمیان مفاہمت کی یادداشت پر دستخط کیے گئے۔ اس کا مقصد ابھرتے ہوئے سائبر خطرات سے نمٹنے کے لیے مہارت اور بہترین طریقۂ کار کا تبادلہ کرتے ہوئے دونوں ممالک کے درمیان سائبر سکیورٹی تعاون کو مزید مضبوط بنانا ہے۔
وزارتِ آئی ٹی نے بتایا کہ شزا فاطمہ خواجہ نے LEAP 2026 کے موقع پر مختلف ممالک کے حکام کے ساتھ متعدد دوطرفہ ملاقاتیں بھی کیں۔ ان میں سعودی عرب کے وزیر برائے آئی ٹی و کمیونیکیشنز عبداللہ السوّاح، الجزائر کے وزیر برائے نالج اکانومی، اسٹارٹ اپس و مائیکرو انٹرپرائزز ڈاکٹر نورالدین وداہ، جنوبی کوریا کے وزیر برائے سائنس و آئی سی ٹی بے کیونگ ہون اور ڈیجیٹل کوآپریشن آرگنائزیشن کی سیکریٹری جنرل دیما الیحییٰ سمیت دیگر حکام شامل تھے۔
وزارت کے مطابق شزا فاطمہ خواجہ نے اپنے دورے کے دوران ٹیک ڈیسٹینیشن پاکستان پویلین کا باقاعدہ افتتاح بھی کیا۔ اس پویلین میں 25 اسٹارٹ اپس اور پاکستان کی 50 سے زائد نمایاں ٹیکنالوجی کمپنیوں نے شرکت کی، جہاں مصنوعی ذہانت آٹومیشن اور ڈیجیٹل ٹیکنالوجیز سے متعلق جدید حل پیش کیے گئے۔
بیان میں مزید کہا گیا کہ کانفرنس  میں پاکستان کی شرکت کا مقصد کاروباری اداروں کے درمیان شراکت داری (B2B) کو فروغ دینا، بین الاقوامی سرمایہ کاری حاصل کرنا اور ملکی ٹیکنالوجی کے شعبے کے لیے عالمی منڈیوں تک رسائی کو وسعت دینا تھا۔

شیئر: