Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سعودی اور روسی وزرائے خارجہ کی ملاقات، علاقائی کشیدگی کم کرنے کی کوششوں پر تبادلہ خیال

ملاقات میں فریڈم آف نیویگیشن کو یقینی بنانے کی اہمیت پر زور دیا گیا ( فوٹو: ایس پی اے)

سعودی وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان نے منگل کو ماسکو میں روسی ہم منصب سرگئی لاوروف سے ملاقات کی ہے۔

ایس پی اے کے مطابق ملاقات میں سعودی عرب اور روس کے تعلقات کا جائزہ، حالیہ علاقائی و بین الاقوامی صورتحال اور کشیدگی کم کرنے کے حوالے سے کوششوں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
انہوں نے مسئلہ فلسطین اور یمن کی صورتحال سمیت موجودہ علاقائی اور بین الاقوامی چیلنجوں سے نمٹنے کے لیے سفارتی کوششوں کی سپورٹ کی اہمیت پر بھی بات کی۔
 بین الاقوامی آبی گزر گاہوں، خصوصا آبنائے ہرمز اور باب المندب میں سکیورٹی اور فریڈم آف نیویگیشن کو یقینی بنانے کی اہمیت پر زور دیا گیا۔
بین الاقوامی فورمز میں ہم آہنگی اور مشاورت کو مضبوط بنانے، کثیر الجہتی اقدامات کو مستحکم کرنے کی کوششوں کی سپورٹ کے ساتھ عالمی چیلنجوں کا زیادہ موثر طریقے سے جواب دینے اور عالمی امن و سلامتی کو فروغ دینے کے لیے بین الاقوامی نظام کی اصلاح پر توجہ مرکوز کی گئی۔

وزرائے خارجہ نے سعودی، روسی تعلقات کو وسیع تر افق کی جانب لے جانے کی خواہش کا اعادہ کیا۔
شہزادہ فیصل بن فرحان نے پرتپا ک خیرمقدم اور مہمان نوازی پر روسی وزیر خارجہ کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ یہ دورہ اس ایسے موقع پر ہو رہا ہے جب دونوں دوست ملک سفارتی تعلقات کے قیام کی صد سالہ تقریبات منعقد کر رہے ہیں۔

انہوں نے کہا ’ریاض اور ماسکو کے درمیان شراکت داری پائیدار عالمی اقتصادی ترقی میں معاون ہے۔ اقتصادی، تجارتی اور سرمایہ کاری کے شعبوں میں تعاون کو فروغ دیتی ہے۔‘
انہوں نے مزید کہا کہ ’سعودی، روسی تعاون عالمی تیل مارکیٹ کے استحکام اور ایک ایسا توازن قائم کرنے میں اہم ثابت ہوا جو تیل پیدا کرنے والے ملکوں اور صارفین دونوں کے مفادات کو پورا کرتا ہے۔‘
اس موقع پر روس میں سعودی سفیر سامی السدحان، یورپی ملکوں کے جنرل ڈیپارٹمنٹ کے ڈائریکٹر جنرل عبدالرحمن الاحمد اور وزیر خارجہ کے مشیر محمد الیحیی بھی موجود تھے۔

 

شیئر: