کنگ فہد قرآن پرنٹنگ کمپلیکس نے ایک لاکھ 95 ہزار زائرین کا خیرمقدم کیا
کمپلکس میں سالانہ دو کروڑ نسخے تیار کیے جاتے ہیں۔( فوٹو: ایس پی اے)
مدینہ منورہ میں کنگ فہد قرآن پرنٹنگ کمپلیکس نے اگست کے دوران 23 ملکوں کے ایک لاکھ 95 ہزار سے زیادہ زائرین کا خیرمقدم کیا۔
زائرین کو قرآن مجید کی طباعت، اس کے مختلف مراحل، تقسیم اور تراجم کے ذریعے قرآن مجید کی خدمت سے متعلق کمپلیکس کی کوششوں کے بارے میں بتایا گیا۔
وزیٹرز نے کمپلیکس کے جدید پروڈکشن سسٹم، ریویونگ اور پروف ریڈنگ میں استعمال ہونے والی جدید ٹیکنالوجیز کے بارے میں بھی معلومات حاصل کیں۔
قرآن مجید کی طباعت کے مختلف مراحل کے دوران درستگی کے اعلی معیار کا مشاہدہ کیا۔ انہوں نے قرآن مجید کے تازہ ترین ایڈیشنز اور مختلف زبانوں میں اس کے معانی کے تراجم بھ دیکھے۔ انہیں دنیا بھر کے مسلمانوں میں قرآن مجید کی تقسیم کے بارے میں بھی بتایا گیا۔
کنگ فہد قرآن پرنٹنگ کمپلیکس پورے ہفتے صبح اور شام کے وقت زائرین کے لیے اپنے دروازے کھولتا ہے جہاں کمپلیکس کا جامع تعارف، قرآن پاک کی خدمت اور اس کے پیغام کو دنیا بھر کے مسلمانوں تک پہنچانے کے حوالے سے سعودی عرب کے کردار کو اجاگر کیا جاتا ہے۔
یاد رہے گزشتہ برس ایک ملین افراد نے قرآن پرنٹنگ کملیکش کا دورہ کیا، ان میں عازمین حج، عمرہ زائرین اور وزیٹرز شامل ہیں۔

واضح رہےکہ کنگ فہد قرآن پرنٹنگ کمپلکس میں سالانہ دو کروڑ نسخے تیار کیے جاتے ہیں۔
کمپلیکس میں قرآن پاک کا 76 زبانوں میں ترجمہ اور خصوصی ایپلی کیشنز بھی تیار کی گئی ہیں جو مسلمانوں کو قرآن پڑھنے اور سمارٹ فونز پر مختلف ملکوں کے افراد کو قرآن سننے کے قابل بناتی ہیں۔
