منفرد ریسنگ تجربہ: ابھا سیون میں فارمولا ای کارٹنگ کا افتتاح
تجربے میں جدید اور انٹرایکٹیو الیکٹرک کارٹنگ ٹریک شامل ہیں ( فوٹو: ایس پی اے)
القدیہ انویسٹمنٹ کمپنی کے ذیلی ادارے سعودی انٹرٹینمنٹ پروجیکٹس کمپنی سیون نے فارمولا ای کارٹنگ کا افتتاح کیا ہے۔
ایس پی اے کے مطابق ابھا سیون میں یہ تفریحی منصوبہ اے بی بی فارمولا ای کے اشتراک سے شروع کیا گیا ہے۔ دنیا بھر میں فارمولا ای کے نام سے یہ اپنی نوعیت کا پہلا کارٹنگ تجربہ ہے۔
فارمولا ای کارٹنگ کے تجربے میں جدید اور انٹرایکٹیو الیکٹرک کارٹنگ ٹریک شامل ہے جو ریس اور انٹرایکشن کو یکجا کرتا ہے۔
اس کے ذریعے موٹر سپورٹس کے شائقین کو فارمولا ای چیمپئن شپ کے ماحول سے متاثر ایک منفرد ریسنگ تجربہ فراہم کیا جا رہا ہے۔
انڈور کارٹنگ ٹریک 428 میٹر طویل ہے۔ نوجوانوں اور بچوں کے لیے مخصوص الیکٹرک گاڑیوں کی سہولت فراہم کی گئی ہے جبکہ دو نشستوں والی گاڑیاں بھی موجود ہیں۔
ٹریک پر روشنیوں کا خاص اہتمام کیا گیا ہے جبکہ ساؤنڈ سسٹم اور آلات کے لیے جدید ترین ٹیکنالوجی کا استعمال کیا گیا ہے جس سے فارمولا ای ریسنگ کے لیے ماحول کو حقیقت سے قریب تر کرنے میں مدد ملتی ہے۔
سیون ابھا مملکت میں ان چار مقامات میں پہلا مرکز ہے جہاں’فارمولا ای کارٹنگ‘ کا تجربہ متعارف کرایا جائے گا۔
بعد ازاں ریاض کے الحمرا اس کے بعد دمام اور الخرج میں سیون مراکز میں بھی یہ تجربہ شروع کیا جائے گا۔

سعودی انٹرٹینمنٹ پروجیکٹس کمپنی سیون کے چیف آپریٹنگ آفیسر عصام الجبیر نے بتایا کہ سیون ابھا میں دنیا کے پہلے فارمولا ای کارٹنگ تجربے کا افتتاح کمپنی کی جانب سے معاشرے کے مختلف طبقات کے لیے معیاری اور منفرد تفریحی تجربات فراہم کرنے کے سفر میں ایک اہم سنگ میل ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ اس شراکت داری کے ذریعے موٹر سپورٹس کے شائقین کو ایسا انٹرایکٹیو تجربہ فراہم کیا جا رہا ہے جو جدید ٹیکنالوجی کا استعمال کرتے ہوئے تفریحی مواقع میں اضافہ کرتا ہے۔

فارمولا ای کے سی ای او ڈوڈز نے کہا کہ سیون کے اشتراک سے دنیا کا پہلا فارمولا ای کارٹنگ تجربہ شروع کرنے پر خوشی ہے۔
اس تجربے کی انٹرایکٹیو نوعیت کے ذریعے آنے والوں کو فارمولا ای ریسنگ سے متعارف کرانے اور آنے والے برسوں میں خطے میں اس کھیل کے شائقین کی تعداد بڑھانے کی کوشش کی جائے گی۔
