سیون تبوک: عالمی معیار کی تفریحی سہولتوں کا نیا مرکز
منصوبے کا مقصد 2030 تک سالانہ 16.5 لاکھ لوگوں کو متوجہ کرنا ہے ( فوٹو: ایس پی اے)
سعودی انٹرٹینمنٹ وینچرز(سیون) مملکت میں اپنے دوسرے تفریحی مقام ’سیون تبوک‘ میں شہریوں کا خیر مقدم کر رہی ہے جہاں ایڈوینچر، ٹیکنالوجی، سنیما اور تفریح یکجا ہیں۔
ایس پی اے کے مطابق ایک اعشاریہ چار ارب ریال کی سرمایہ کاری سے تیار کیے جانے والا یہ تفریجی منصوبہ 72 ہزار مربع میٹر سے زیادہ رقبے پر پھیلا ہوا ہے۔
سعودی انٹرٹینمنٹ وینچرز کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کے چیئرمین عبداللہ الداؤد نے بتایا کہ اس منصوبے میں ایک ہی جگہ سات زونز قائم کیے گئے ہیں جہاں مقامی تفریحی تصورات کو عالمی برانڈز کے تفریحی مقامات کے ساتھ یکجا کرکے خاندانوں اور نوجوانوں کے لیے پیش کیا گیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ اس منصوبے کا مقصد 2030 تک سالانہ 16 لاکھ 50 ہزار لوگوں کو متوجہ کرنا ہے جس سے مملکت کے شمال مغربی خطے میں ایک نمایاں سیاحتی اور تفریحی مرکز کے طور پر تبوک کا کردار مزید مضبوط ہوگا۔
تفریحی سہولتوں کے ساتھ ’سیون تبوک‘ میں ریٹیل اور ڈائنگ کے 26 آؤٹ لیٹس بھی موجود ہیں جنہیں علاقے کے مقامی طرز تعمیر اور ثقافتی ورثے کی عکاسی کرتے ہوئے ڈیزائن کیا گیا ہے۔

یہ تفریجی مقام شام چار سے رات بارہ بجے تک اور ویک اینڈ پر رات ایک بجے تک کھلا رہتا ہے جبکہ سنیما سکرینیں روزانہ رات ساڑھے تین بجے تک کام کرتی ہیں۔
یہ منصوبہ مملکت بھر میں ہر طبقے کے لیے معیاری اور قابل رسائی تفریحی تجربات فراہم کرنے کی جانب ایک قدم ہے۔

’سیون تبوک‘ کا مقصد تفریحی سہولتوں میں اضافہ، معیارِ زندگی کو بہتر بنانا اور علاقائی ترقی کو فروغ دینا ہے جو مملکت کے وژن 2030 اور پبلک انویسٹمنٹ فنڈ کے اہداف سے ہم آہنگ ہے۔
یاد رہے سعودی انٹرٹینمنٹ وینچرز نے اس سے قبل پانچ اگست کو ’ابھا سیون‘ کا افتتاح کیا تھا۔ یہ تفریحی مرکز ابھا انٹرنیشنل ایئرپورٹ اور اس کے اطراف کے ترقیاتی منصوبوں کے قریب ہے۔
