Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

معیاری اور قابل رسائی تفریحی تجربات، ’سیون تبوک‘ کے افتتاح کا اعلان

سعودی انٹرٹینمنٹ وینچرز نے اس سے قبل پانچ اگست کو ’ابھا سیون‘ کا افتتاح کیا تھا ( فوٹو: ایس پی اے)
سعودی انٹرٹینمنٹ وینچرز (سیون) جو قدیہ انویسٹمنٹ کمپنی کی ملکیتی ذیلی کمپنی ہے، نے تبوک میں نئی تفریحی منزل ’سیون تبوک‘ کے افتتاح کا اعلان کیا ہے۔
ایس پی اے کے مطابق یہ مملکت بھر میں ہر طبقے کے لیے معیاری اور قابل رسائی تفریحی تجربات فراہم کرنے کی جانب ایک قدم ہے۔
سیون تبوک کا مقصد تفریحی سہولتوں میں اضافہ، معیارِ زندگی کو بہتر بنانا اور علاقائی ترقی کو فروغ دینا ہے جو مملکت کے وژن 2030 اور پبلک انویسٹمنٹ فنڈ کے اہداف سے ہم آہنگ ہے۔
سیون کے چیئرمین عبداللہ الداؤد نے کہا کہ تبوک سیون کا افتتاح اس سفر کا تسلسل ہے جو اب عملی شکل اختیار کر رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ سیون تبوک شہر کی وسیع تر ترقی میں بھی اہم کردار ادا کرے گا۔ مقامی روزگار کو فروغ دینے کے ساتھ مملکت کے شمالی حصے میں تبوک کو ایک ابھرتے ہوئے تفریحی مرکز کے طور پر مستحکم کرے گا۔

اس تفریحی منزل کی خاص بات عالمی اور مقامی سطح کے تجربات کا ایک بہترین امتزاج ہے۔ ان میں ڈسکوری ایڈوینچر کے ساتھ ہاٹ وہیلز ای کارٹنگ شامل ہے جو ایک سنسنی خیز اور محفوظ ریسنگ کا تجربہ پیش کرے گا۔
یاد رہے کہ سعودی انٹرٹینمنٹ وینچرز نے اس سے قبل پانچ اگست کو ’ابھا سیون‘ کا افتتاح کیا تھا۔ یہ تفریحی مرکز ابھا انٹرنیشنل ایئرپورٹ اور اس کے اطراف کے ترقیاتی منصوبوں کے قریب ہے۔

واضح رہے القدیہ انویسٹمنٹ کمپنی کے تحت سعودی انٹرٹینمنٹ وینچرز (سیون) مملکت میں تفریحی زونز قائم کرنے کی ذمہ دار ہے۔
45 ارب ریال سے زائد کی سرمایہ کاری کے ساتھ مملکت کے 13 شہروں میں 14 تفریحی مقامات تیار کیے جارہے ہیں جن میں ریاض، جدہ، مکہ مکرمہ، طائف، دمام ، الخبر، ابھا اور دیگر شہر شامل ہیں۔

 

شیئر: