جدہ میں پہلے ریڈ سی یاٹ شو کے انعقاد کے لیے معاہدے پر دستخط
جدہ یاٹ کلب اینڈ مرینا میں 14 سے17 اکتوبر2027 تک انعقاد کیا جائے گا ( فوٹو: ایس پی اے)
مکہ ریجن کے نائب گورنر اور جدہ نیشنل ایونٹس کیلنڈر کمیٹی کے چیئرمین شہزادہ سعود بن مشعل کے تعاون سے پبلک انویسٹمنٹ فنڈ کی ملکیتی کمپنی ’صلہ‘ نے’ تحالف’ کے ساتھ پہلے ریڈ سی یاٹ شو کے انعقاد کے لیے ایک معاہدے پر دستخط کیے ہیں۔
ایس پی اے کے مطابق معاہدے کے تحت ایونٹ کے پہلے ایڈیشن کا آغاز جدہ یاٹ کلب اینڈ مرینا میں 14 سے17 اکتوبر2027 تک کیا جائے گا۔
مملکت میں پہلی مرتبہ منعقد ہونے والے اس شو میں 50 کے قریب لگژری یاٹس، 150 نمائش کنندگان اور 10 ہزار سے زائد وزیٹرز کی شرکت متوقع ہے۔
نئی اور استعمال شدہ یاٹس، سپورٹ ویسلز اور ڈے کروز کی نمائش کی جائے گی جن کی مجموعی مالیت 3 ارب ڈالر سے زیادہ ہوگی۔
معاہدے کے تحت ’صلہ اور تحالف‘ کمپنیاں نمائش کے انعقاد، بین الاقوامی تشہیر اور تجارتی مواقع کے فروغ کے لیے مل کر کام کریں گی۔
توقع ہے یاٹس کی فروخت، انہیں کرائے پر دینے اور لگژری سیاحت کے ذریعے تقریبا 500 ملین ڈالر کا منافع حاصل ہوگا۔
اس شو کا انعقاد بحیرہ احمر کے خطے میں لگژری یاٹنگ کے بڑھتے ہوئے امکانات کے تناظر میں کیا جا رہا ہے جہاں ساحلی ترقی کے منصوبوں میں 22.4 ارب ڈالر سے زائد کی سرمایہ کاری، لگژری یاٹنگ کے انفرا سٹرکچر اور موسم سرما میں بحری سفر کے سیزن میں توسیع کے امکانات پر بھی تبادلہ خیال کیا جائے گا۔
