شہزادہ فیصل بن فرحان سے اردن اور مصر کے وزرائے خارجہ کے رابطے، مملکت کے ساتھ اظہار یکجہتی
دونوں وزرائے خارجہ نے مملکت کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کیا ( فوٹو: اے ایف پی)
سعودی وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان سے منگل کو مصر کے ہم منصب ڈاکٹر بدر عبدالعاطی، اردن کے نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ ایمن الصفدی نے ٹیلی فون پر رابطہ کیا ہے۔
ایس پی اے کے مطابق اردنی وزیر خارجہ نے حوثی ملیشیا کی جانب سے شہری اور اقتصادی تنصیبات، مکہ اور مدینہ منورہ کونشانہ بنانے کی کوششوں سمیت مملکت کے علاقوں پر حملوں کی شدید مذمت کی۔
انہوں نے اردن کی جانب سے مملکت کے ساتھ یکجہتی کا اظہار، اس کی سلامتی استحکام اور ملکی سالمیت کے تحفظ کے لیے تمام اقدامات کی سپورٹ کا اعادہ کیا۔
دونوں وزرائے خارجہ نے سعودی عرب اور اردن کے تعلقات، حالیہ علاقائی صورتحال پر بھی تبادلہ خیال کیا۔ خطے میں سلامتی اور استحکام کے حصول کے لیے مشترکہ کوششوں کی سپورٹ کے لیے دونوں ملکوں کے درمیان کوآرڈینیشن اور مشاورت کو جاری رکھنے کی اہمیت پر زور دیا گیا۔
سعودی وزیر خارجہ اور مصری ہم منصب ڈاکٹر بدر عبدالعاطی نے رابطے کے دوران سعودی عرب اور مصر کے سٹریٹیجک تعلقات اور مختلف شعبوں میں دو طرفہ تعاون کو بڑھانے کے طریقوں کا جائزہ لیا۔
مصری وزیر خارجہ نے مملکت کو نشانہ بنانے والے تمام حملوں کی مذمت، مملکت کی سلامتی اور استحکام کے لیے مکمل سپورٹ کا اعادہ کیا۔
دونوں وزرائے خارجہ نے حالیہ علاقائی صورتحال پر بھی بات کی،خصوصا بحیرہ احمر اور باب المندب میں آبی گزرگاہوں اور جہاز رانی کی آزادی کے تحفظ کی ضرورت پر زور دیا۔
انہوں نے سوڈان کے اتحاد اور خود مختاری، اس کے قومی اداروں کے تحفظ کے لیے سپورٹ کا بھی اعادہ کیا۔
