Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سعودی وزیر خارجہ اور مارکو روبیو کی ملاقات، علاقائی صورتحال پر تبادلہ خیال

دونوں وزرائے خارجہ نے سعودی عرب اور امریکہ کے تعلقات پر بھی بات کی ( فوٹو: اے ایف پی)
سعودی وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان نے پیر کو واشنگٹن میں اپنے امریکی ہم منصب مارکو روبیو سے ملاقات کی ہے۔
ملاقات میں سعودی عرب اور امریکہ کے تعلقات کے ساتھ حالیہ علاقائی اور بین الاقوامی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
یاد رہے شہزادہ فیصل بن فرحان اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس میں شرکت کے بعد نیویارک سے سرکاری دورے پر واشنگٹن پہنچے ہیں۔
قبل ازیں سعودی عرب کے وزیر خارجہ نے سنیچر کو اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی سے خطاب کرتے ہوئے کہا  تھا کہ دنیا کو ’غیرمعمولی چیلنجز‘ کا سامنا ہے۔
انہوں نے اپنے ملک پر ایرانی اور حوثی حملوں کی شدید مذمت کی اور دنیا کو تنبیہ کی کہ وہ خلیجی سلامتی کو سنجیدگی سے لے۔
شہزادہ فیصل بن فرحان کا یہ خطاب خطے میں شدید کشیدگی کے دور کے دوران سامنے آیا ہے، جہاں اس سال کے شروع میں امریکہ، اسرائیل اور ایران کے درمیان کئی مہینوں تک سخت تصادم جاری رہا اور خلیجی ممالک کو ہزاروں ایرانی میزائل اور ڈرون حملوں کا نشانہ بنایا گیا۔ یمن کی حوثی ملیشیا نے بھی سعودی عرب پر حملے کیے ہیں۔
ان کا کہنا تھا ’خطے کے ممالک کے درمیان پائیدار تعلقات قائم کرنے کی کوئی بھی کوشش ’غلبے، اثر و رسوخ یا بحرانوں سے فائدے اٹھانے پر مبنی نہیں ہو سکتی۔‘

 

شیئر: