مسجد نبوی کے اطراف 10 ہزار مربع میٹر رقبہ سبزہ زار میں تبدیل
جمعرات 8 اکتوبر 2026 9:41
مختلف مقامات اور سڑکوں پر پانچ ہزار 444 درخت لگائے گئے ہیں ( فوٹو: ایس پی اے)
مدینہ منورہ میونسپلٹی کی جانب سے شجر کاری مہم، متنوع نباتات اور گرین بیلٹ سے شہرِ مقدس کے مرکزی علاقے کی خوبصورتی اور ماحولیاتی اہمیت میں اضافہ ہوا ہے۔
سعودی پریس ایجنسی کے مطابق یہ کوششیں مسجد نبوی کے اطراف کے شہری منظر نامے کو بہتر بنا رہی ہیں جہاں زائرین اور نمازیوں کی آمد و رفت بہت زیادہ ہوتی ہے۔
ریجنل میونسپلٹی کا کہنا ہے کہ شہر کے مرکزی علاقے میں شجر کاری اور لینڈ سکیپنگ منصوبے شہری منظر نامے کو بہتر بنانے کے پروگرام کا حصہ ہیں۔
اس منصوبے کے تحت مختلف مقامات اور سڑکوں پر پانچ ہزار 444 درخت اور پودے لگائے گئے ہیں جبکہ 9 ہزار 930 مربع میٹر رقبے کو سبزہ زاروں میں تبدیل کیا گیا۔
ان اقدامات سے دلکشی میں اضافہ ہوا اور ماحول سر سبز ہو گیا جو علاقے کے تعمیراتی اور خدمات کے ڈھانچے کی خوبصورتی کو مزید نکھارتا ہے۔

مرکزی علاقے کے شہری منظرنامے کو بہتر بنانے کی کوششوں میں آبپاشی، پودوں، درختوں اور سبزہ زاروں کی مسلسل دیکھ بھال اور صفائی ستھرائی کا عمل مستقل بنیادوں پر جاری ہے۔
