کنگ سلمان رائل ریزرو کے دو نایاب مقامی پودے توجہ کا مرکز
مخصوص پودے اس کی غیر معمولی خوبصورتی میں اضافہ کرتے ہیں ( فوٹو: ایس پی اے)
کنگ سلمان بن عبدالعزیز رائل ریزرو منفرد نباتاتی تنوع اور دلکش قدرتی فیچرز کے باعث نمایاں ہے۔ یہاں کے مختلف ماحول میں پائے جانے والے مخصوص پودے اس کی غیر معمولی خوبصورتی میں اضافہ کرتے ہیں۔
سرکاری خبر رساں ایجنسی ایس پی اے کے مطابق ریزرو کے بیشترعلاقے میں موجود سب سے نمایاں نباتات میں الرمث اور القیصوم شامل ہیں۔
الرمث، امارانٹیسی کے خاندان سے تعلق رکھنے والی ایک سدا بہار جھاڑی ہے جو ریزرو کے تقریباً تمام حصوں میں پھیلی ہوئی ہے۔ یہ پودا زیادہ سے زیادہ 120 سینٹی میٹر تک اونچائی تک پہنچ سکتا ہے۔
اس کا تنا نیلے مائل سبز رنگ کا ہوتا ہے جو وقت کے ساتھ سرمئی ہو جاتا ہے۔ اس کے پتے پرت دار اور پھول چھوٹے پیلے رنگ کے ہوتے ہیں۔
القیصوم ایسٹریسی کے خاندان سے تعلق رکھنے والا سدا بہار خوشبو دار پودا ہے۔ یہ چکنی مٹی کے میدانوں، وادیوں، گھاٹیوں اور ریزرو کے بیشترعلاقوں میں اگتی ہے۔ اس کی اونچائی 60 سینٹی میٹر تک ہو سکتی ہے۔

اس کا سفید تنا، بیضوی یا لمبے کٹے پھٹے کناروں والے پتے اور چھوٹے پیلے پھول اسے دوسرے پودوں سے نمایاں کرتے ہیں۔
یاد رہے کہ کنگ سلمان رائل ریزرو مشرق وسطیٰ کا سب سے بڑا محفوظ علاقہ ہے جس کا رقبہ ایک لاکھ 30 ہزار مربع کلو میٹر سے زیادہ ہے۔

یہ سعودی عرب کے چار ریجنوں الجوف، حائل، تبوک اور حدودِ شمالیہ میں پھیلا ہوا ہے۔ یہاں ایسے آثار قدیمہ بھی موجود ہیں جو یونیسکو کے ساتھ درج ہیں۔
اس ریزرو میں فطری زندگی کا ماحول بحال کرنے کے لیے متعدد اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ ایسے جانوروں، پرندوں اور پودوں کے احیا کی کوشش بھی کی جا رہی ہے جو معدوم ہوتے جا رہے ہیں۔
