ریاض میں شجر کاری مہم کا آغاز، 20 ہزار سے زیادہ رضاکار شریک
’ریاض رضاکار‘ مہم کے تحت 80 ہزار پودے لگانے جا رہے ہیں (فوٹو: ایس پی اے)
قومی شجرکاری پروگرام کے تحت ریاض کے شمالی علاقے میں جیو پارک میں چار لاکھ پودے لگانے کی مہم کا آغاز کردیا گیا۔
سعودی خبررساں ایجنسی کے مطابق جیوپارک میں مرحلہ وار پودے لگائے جائیں گے۔ سال 2030 تک چار لاکھ سے زائد شجر کاری کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔
پروگرام کے تحت ’ثادق‘ علاقے کے کمشنر فیصل بن عبداللہ نے شجر کاری کے پہلے مرحلہ کا آغاز کرتے ہوئے طلبا کے ساتھ مل کر پودے لگائے۔
دوسری جانب نیشنل سینٹر فار ویجیٹیشن ڈیولپمنٹ اینڈ کامبیٹنگ ڈیزرٹیفکیشن نے ریجنل میونسپلٹی کے تعاون سے’ریاض رضاکار‘ مہم کے تحت علاقائی آب و ہوا سے مطابقت رکھنے والے 80 ہزار پودے لگانے کے لیے مختلف علاقوں میں تقسیم کیے ہیں۔
شجرکاری مہم میں 20 ہزار سے زائد رضاکار شرکت کررہے ہیں جو مختلف علاقوں میں کمیونٹی کے تعاون سے پودے لگائیں گے۔
واضح رہے مملکت قومی مرکز برائے شجرکاری کی جانب سے مملکت کے تمام علاقوں میں درخت اگاو مہم زور وشور سے جاری ہے جس کا مقصد تحفظ ماحولیات کے لیے سبزے میں اضافہ کرنا ہے۔
