Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سعودی عرب کی الیکٹرک گاڑیوں کی بکنگ شروع، قیمت کیا ہے؟

رواں سال کے آخر تک مزید موبائل سٹورز ریاض کے بلیواڈ سٹی، جدہ کے ریڈ سی مال اور دمام کے نخیل مال میں کھولے جائیں گے (فوٹو: ایس پی اے)
سعودی عرب کی پہلی آٹوموبیل کمپنی سِیر نے ریاض کے علاقے درعیہ میں واقع بُجیری ٹیرس میں اپنے پہلے موبائل سٹور کا باضابطہ افتتاح کر دیا ہے۔
سعودی پریس ایجنسی کے مطابق یہ افتتاح سِیر کے سفر کے اگلے مرحلے کی نمائندگی کرتا ہے جو اس کی ایکسو بوٹ سیڈان اور ایکسو بوٹ ایس یو وی گاڑیوں کی عالمی سطح پر رونمائی کے بعد سامنے آیا ہے۔
اس نئے سٹور کے ذریعے صارفین کو گاڑیوں کی فرسٹ ایڈیشن بک کروانے کا موقع بھی ملے گا۔
جمعرات کو افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سِیر کے چیف کمرشل آفیسر لوئی الشرفا نے کہا کہ ’ہمارے پہلے موبائل سٹور کا افتتاح سِیر کے اس سفر میں ایک اور اہم سنگِ میل ہے جس کا مقصد سعودی عرب کی آٹوموبیل صنعت کو فروغ دینا ہے۔‘
انہوں نے مزید کہا کہ ’ہم نے اپنے پہلے موبائل سٹور کے لیے الدرعیہ کا انتخاب سوچ سمجھ کر کیا ہے۔ یہ ایک ایسی جگہ ہے جس کی جڑیں مملکت کی تاریخ میں گہری ہیں، جہاں ماضی، حال اور مستقبل ایک ساتھ ملتے ہیں۔‘
یہ سِیر کے لیے اپنے صارفین کے ساتھ سفر کا آغاز کرنے کی ایک بامعنی جگہ ہے کیونکہ یہ وہ مقام ہے جو سعودی عرب کی کہانی کے آغاز کی نمائندگی کرتا ہے۔
’آج ہم ایکسو بوٹ کو براہِ راست اپنے صارفین کے سامنے پیش کر رہے ہیں اور انہیں دعوت دے رہے ہیں کہ وہ سعودی عرب میں سفر کے مستقبل کا خود تجربہ کریں۔‘
یہ سٹور سعودی عرب میں تیار ہونے والی پہلی ایسی گاڑیوں کی نمائش کے لیے ایک نمایاں مرکز ہے جن کا ڈیزائن، انجینیئرنگ اور تیاری مکمل طور پر مملکت کے اندر کی گئی ہے۔
یہاں آنے والے افراد ایکسو بوٹ گاڑیوں کے منفرد ڈیزائن کو قریب سے دیکھنے کے ساتھ ساتھ ان میں شامل جدید ٹیکنالوجی اور جدت کا براہِ راست تجربہ بھی کر سکیں گے۔ یہ ٹیکنالوجی اعلیٰ ترین عالمی معیار کے مطابق تیار کی گئی ہے اور اسے سعودی عرب اور خطے کی ضروریات کے مطابق خصوصی طور پر ڈیزائن کیا گیا ہے۔
سِیر نے اعلان کیا ہے کہ ایکسو بوٹ فرسٹ ایڈیشن سیڈان اور ایس یو وی کی بکنگ باضابطہ طور پر شروع ہو گئی ہے اور دونوں گاڑیوں کی قیمت تین لاکھ 99 ہزار سعودی ریال مقرر کی گئی ہے۔
اس قیمت میں سِیر کا خصوصی ’کمپینین پیکیج‘ بھی شامل ہے جس کے تحت گاڑی کے تمام اہم پرزوں کے لیے چھ سال یا دو لاکھ کلومیٹر کی وارنٹی، چھ سال تک مفت مقررہ سروس، چھ سال کی روڈ سائیڈ اسسٹنس اور بیٹری کے لیے آٹھ سال یا دو لاکھ کلومیٹر کی وارنٹی فراہم کی جائے گی۔
یہ سٹور سِیر کے ملک گیر ریٹیل اور فروخت کے بعد فراہم کی جانے والی خدمات کے نیٹ ورک کے پہلے مرحلے کا آغاز ہے۔ کمپنی کے منصوبے کے مطابق رواں سال کے آخر تک مزید موبائل سٹورز ریاض کے بلیواڈ سٹی، جدہ کے ریڈ سی مال اور دمام کے نخیل مال میں کھولے جائیں گے۔ اس کے ساتھ ساتھ ریاض، جدہ اور الخبر میں سِیِر کے مستقل مراکز بھی قائم کیے جائیں گے۔

شیئر: