سعودی ولی عہد نے ’سیر‘ کی پہلی الیکٹرک وہیکل متعارف کرا دی
مملکت میں ترقی یافتہ صنعتی نظام کی تشکیل اور استحکام کے سفر میں اہم قدم ہے (فوٹو: ایس پی اے)
سعودی ولی عہد و وزیر اعظم اور پبلک انویسٹمنٹ فنڈ کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کے چیئرمین شہزادہ محمد بن سلمان نے سعودی نیشنل آٹوموٹیو کمپنی ’سیر‘ کی پہلی الیکٹرک وہیکل ’ایگزوبوٹ‘ متعارف کرائی ہے۔
ایس پی اے کے مطابق اس موقع پر ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے کہا’ سیر کمپنی کی پہلی الیکٹرک وہیکل کی لانچنگ مملکت میں پائیدار اور ترقی یافتہ صنعتی نظام کی تشکیل اور استحکام کے سفر میں اہم قدم ہے۔‘
انہوں نے مزید کہا ’مملکت میں سرمایہ کاری کے فروغ، قومی صلاحیتوں کو با اختیار بنانے اور نجی شعبے کے کردار کو مضبوط بناتے ہوئے آٹوموبائل انڈسٹری کو اقتصادی ترقی کے ایک بنیادی ستون کے طورپر فروغ دیا جارہا ہے تاکہ سعودی عرب اس شعبے میں علاقائی اور عالمی سطح پر ایک نمایاں مرکز بن سکے۔‘
خیال رہے سیر کمپنی کی تیار کردہ ایگزوبوٹ سیڈان اور ایس یو وی (فورویل) دونوں اقسام میں تیار کی گئی پہلی پروڈکشن ہے۔
کمپنی آئندہ پانچ برسوں میں مجموعی طورپر سات ماڈلز مرحلہ وار لانچ کرنے کا ارادہ رکھتی ہے ان میں درمیانے اور چھوٹے سائز کی گاڑیوں کے علاوہ مختلف ڈرائیو سسٹمز شامل ہوں گے۔
’سیر‘ کمپنی کنگ عبداللہ اکنامک سٹی کے تحت کنگ سلمان آٹوموٹیو انڈسٹری کمپلیکس میں قائم ہے۔ یہ مرکز مشرق وسطی کی سطح پر اپنی نوعیت کا سب سے بڑا اور دنیا کے جدید ترین آٹوموبائل مینوفیکچرنگ مراکز میں شمار ہوگا۔
نئی لانچ کی جانے والی گاڑی ’اکزوبوٹ‘ کا ڈیزائن انتہائی منفرد ہے۔ اس کی ڈیزائننگ اور انجینیئرنگ مقامی سطح پر کی گئی ہے جبکہ ان کی تیاری میں عالمی معیار کی تمام خصوصیات وسہولتوں کو مدنظر رکھا گیا ہے۔
توقع ہے سال 2034 تک ’سیر‘ سعودی عرب کی جی ڈی پی میں 30 ارب سعودی ریال سے زائد کا حصہ ڈالے گی جبکہ تجارتی توازن میں تقریبا 80 ارب ریال کی گروتھ ہو گی۔
