بلوچستان:دو ٹریفک حادثات،13 افراد ہلاک،’زخمیوں کی ہسپتال منتقلی کے لیے چندہ مہم‘
بلوچستان:دو ٹریفک حادثات،13 افراد ہلاک،’زخمیوں کی ہسپتال منتقلی کے لیے چندہ مہم‘
اتوار 11 اکتوبر 2026 17:40
زین الدین احمد، -اردو نیوز، کوئٹہ
زخمیوں کو سول ہسپتال مچھ منتقل کیا گیا جہاں سے بعد ازاں انہیں کوئٹہ بھیجا گیا: تصویر عمران سمالانی
بلوچستان کے ضلع کچھی میں اتوار کو پیش آنے والے دو ٹریفک حادثات میں کم از کم 13 افراد ہلاک اور 20 سے زائد زخمی ہو گئے ہیں۔
پولیس حکام کے مطابق دونوں حادثات کوئٹہ کو سبی اور سکھر سے ملانے والی این 65 قومی شاہراہ پر پیش آئے۔
مچھ پولیس کے ڈی ایس پی اکبر بگٹی نے اردو نیوز کو بتایا کہ پہلا حادثہ کوئٹہ سے تقریباً 60 کلومیٹر دور ضلع کچھی کے علاقے مچھ میں زمیندار ہوٹل کے قریب پیش آیا جہاں دو مزدا ٹرکوں کے درمیان تصادم کے بعد کوئٹہ سے سبی جانے والی ایک مسافر ویگن بھی ان سے ٹکرا گئی۔
ان کے مطابق تصادم کے نتیجے میں ویگن پل سے نیچے کھائی میں جا گری جس سے جانی نقصان زیادہ ہوا۔
انہوں نے بتایا کہ ایک مزدا ٹرک میں خانہ بدوش خاندان جا رہا تھا۔
ڈی ایس پی اکبر بگٹی نے حادثے میں نو افراد کی ہلاکت اور 19 افراد کے زخمی ہونے کی تصدیق کی۔
ان کے مطابق زخمیوں کو پہلے سول ہسپتال مچھ منتقل کیا گیا جہاں سے بعد ازاں انہیں کوئٹہ بھیجا گیا۔ ہلاک اور زخمی ہونے والوں میں خواتین اور بچے بھی شامل ہیں۔
مچھ کے مقامی شہری محمد عمر نے بتایا کہ حادثے کے بعد زخمیوں کو طبی امداد کی فراہمی میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑا کیونکہ مقامی ہسپتال میں سہولیات محدود تھیں۔
ان کے مطابق شدید زخمیوں کو کوئٹہ منتقل کرنے کی ضرورت پیش آئی تاہم ہسپتال میں صرف ایک سرکاری ایمبولینس دستیاب تھی جبکہ دو دیگر سرکاری ایمبولینسیں غیر فعال تھیں۔
مچھ کے مقامی شہری محمد عمر نے بتایا کہ حادثے کے بعد زخمیوں کو طبی امداد کی فراہمی میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑا: تصویر: عمران سمالانی
محمد عمر کے مطابق ایمبولینسوں کی عدم دستیابی کے باعث مقامی لوگوں نے چندہ جمع کیا اور زخمیوں کو نجی گاڑیوں کے ذریعے کوئٹہ منتقل کیا۔
سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو بھی گردش کر رہی ہے جس میں ایک شخص کو جھولی پھیلائے چندہ مانگتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔
اس واقعے کے بعد سوشل میڈیا صارفین دور دراز علاقوں کے ہسپتالوں میں ایمبولینس سروس اور طبی سہولیات کی عدم دستیابی پر حکومت کو تنقید کا نشانہ بنا رہے ہیں۔
دوسرا حادثہ اسی شاہراہ پر مچھ سے تقریباً 50 سے 60 کلومیٹر دور ضلع کچھی کے علاقے ڈھاڈر میں دربی کے قریب پیش آیا۔
ایس ایچ او ڈھاڈر ارشاد علی کے مطابق کوئٹہ سے سبی جانے والی ایک آلٹو مہران کار اور مزدا ٹرک کے درمیان تصادم ہوا جس کے نتیجے میں کار میں سوار چار افراد ہلاک اور ایک زخمی ہو گیا۔
انہوں نے بتایا کہ مرنے والوں میں میاں بیوی اور ان کے بچے شامل ہیں۔ زخمی اور لاشوں کو سول ہسپتال ڈھاڈر منتقل کیا گیا۔