Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

جرمنی کی سڑکوں پر لڑکیوں کو ہراساں کرنے پر روبوٹ کو پولیس نے ’گرفتار‘ کر لیا

پولیس کا کہنا ہے کہ اسے ایسے واقعے سے پہلے کبھی واسطہ نہیں پڑا (فوٹو: کولون پولیس)
جرمنی میں ایک روبوٹ کی جانب سے 16 سالہ لڑکی کو جنسی طور پر ہراساں کرنے کے مبینہ واقعے کے بعد تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں اور اس کو قبضے میں لے لیا گیا ہے۔
امریکی خبر رساں ادارے اے پی کے مطابق واقعہ سنیچر اور اتوار کی درمیانی رات شہر کولون میں پیش آیا تھا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ ایک ایسے روبوٹ جس کو دو نوجوان کنٹرول کر رہے تھے، نے لڑکی کے قریب جاتے ہوئے چُھوا اور نازیبا حرکات بھی کیں۔
روبوٹ کے 16 سالہ مالک اور اس کے 19 سالہ ساتھی نے اس واقعے کی ویڈیو بھی بنائی، جبکہ اس وقت سڑک پر موجود دوسرے لوگوں نے بھی ویڈیوز بنائی جو بعدازاں انٹرنیٹ پر شیئر ہوئیں اور اس وقت وائرل ہیں۔
انٹرنیٹ پر گردش کرنے والی ویڈیوز میں دو نوجوان رات کے وقت ایک مصروف سڑک پر روبوٹ کو خواتین کے ایک گروپ کی طرف لے جاتے دکھائی دیتے ہیں۔ روبوٹ ایک خاتون سے ٹکراتا اور دوسری خواتین کو گلے لگاتا نظر آتا ہے۔
قابل اعتراض حرکات پر ایک نوجوان بار بار روبوٹ کو چیختے ہوئے پیچھے کی طرف کھینچتا ہے جبکہ اس دوران کچھ لوگ ہنستے ہوئے بھی دکھائی دیتے ہیں۔
وہ کچھ میں لڑکیوں کے پیچھے بھاگتا ہوا بھی دکھائی دیتا ہے اور اس کی جانب سے کیے جانے والے نازیبا اشارے بھی واضح طور پر دیکھے جا سکتے ہیں۔
پولیس نے آفیشل فیس بک اکاؤنٹ پر نامناسب تبصروں پر تنقید کرتے ہوئے خبردار کیا کہ ایسے واقعات کا مذاق اڑانے یا ان کی ویڈیوز شیئر کرنے سے متاثرہ افراد کی تکلیف مزید بڑھ سکتی ہے۔
کولون پولیس کے ترجمان کرسٹوف برمل کا کہنا ہے کہ دونوں نوجوانوں کو مشتبہ قرار دیا گیا ہے تاہم ابھی ان پر فرد جرم عائد نہیں کی گئی۔
حکام یہ جاننے کے لیے تحقیقات کر رہے ہیں کہ روبوٹ نے جو حرکتیں کیں کیا وہ پہلے سے پروگرام میں ڈالی گئی تھیں یا پھر اسے اسی وقت کنٹرول کیا جا رہا تھا۔
پولیس ترجمان کا یہ بھی کہنا تھا کہ محکمے کا اس سے پہلے اس قسم کے کسی واقعے سے پالا نہیں پڑا۔
کولون پولیس کے مطابق فاسٹ فوڈ ریسٹورنٹ کے قریب واقعے کی اطلاع ملنے پر پہنچنے والی امدادی ٹیموں کو روبوٹ ایک گاڑی کی ڈگی میں سے ملا، جس کے بعد اس کو اور دونوں نوجوانوں کے موبائل قبضے میں لے لیے گئے۔
کولون پولیس کی جانب سے فیس بک پر ایک سرخ اور سنہرے رنگ کے روبوٹ کی تصویر بھی جاری کی ہے جو زمین پڑا ہوا ہے۔
اس کا قد قریباً تین فٹ 11 انچ ہے اور اس نے سفید رنگ کی ٹی شرٹ، کالی پتلون اور سنہری چین پہن رکھی ہے جبکہ دھوپ کا چشمہ بھی لگایا ہوا ہے اور ناک کے نیچے جعلی مونچھیں بھی دکھائی دیتی ہیں۔
پولیس کا کہنا ہے واقعے کی مزید تحقیقات کی جا رہی ہیں۔

شیئر: