Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

اختتامی لائن پر رفتار نہ سنبھلی، ریس کے دوران انسان نما روبوٹ دیوار سے جا ٹکرایا

ویڈیو میں روبوٹ تیزی سے آگے بڑھتا ہے لیکن رکنے میں ناکام رہتا ہے۔(فوٹو:ویڈیو گریب)
چین کے دارالحکومت بیجنگ میں ہونے والے ’ورلڈ ہیومنائیڈ روبوٹ گیمز‘ سے قبل تربیتی مرحلے کے دوران ایک انسان نما روبوٹ حادثے کا شکار ہو گیا، جس کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہو رہی ہے۔
’روبوٹ اولمپکس‘ کے نام سے مشہور اس مقابلے کے لیے سپرنٹ ریس کی تیاری کے دوران روبوٹ تیز رفتاری سے ٹریک پر دوڑ رہا تھا، تاہم اختتامی لائن پر رفتار کم نہ کر سکا اور پوری قوت سے حفاظتی دیوار سے جا ٹکرایا۔
ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ روبوٹ تیزی سے آگے بڑھتا ہے لیکن رکنے میں ناکام رہتا ہے، جس کے بعد وہ کشن والی دیوار سے ٹکرا کر پیچھے کی جانب گر جاتا ہے۔ 
ٹکر کے بعد روبوٹ کے اندر سے چنگاریاں نکلنے لگتی ہیں اور ایسا محسوس ہوتا ہے جیسے وہ تقریباً دو حصوں میں ٹوٹ گیا ہو۔
منتظمین نے پہلے ایسے واقعات کے بعد ٹریک کے اختتام پر حفاظتی کشن دیوار نصب کی تھی تاکہ روبوٹس کو نقصان سے بچایا جا سکے، تاہم اس روبوٹ کا تصادم اتنا شدید تھا کہ حفاظتی انتظامات بھی ناکافی ثابت ہوئے۔
حادثے کے وقت قریب کھڑا آپریٹر روبوٹ کے ناکام ہونے پر مایوس دکھائی دیا۔
واقعے کی ویڈیو وائرل ہونے کے بعد سوشل میڈیا صارفین نے دلچسپ تبصروں کے ساتھ روبوٹ کے گرنے کے انداز پر طنز کیا۔
ایک صارف نے لکھا، ’15 سیکنڈ میں صفر سے چنگاریوں تک، شاندار!‘ جبکہ ایک اور صارف نے تبصرہ کیا، ’نیا مزاحیہ روبوٹک لمحہ آ گیا ہے۔‘
ایک صارف نے روبوٹ کے انداز کو کافی کے اثر سے جوڑتے ہوئے مزاحیہ تبصرہ کیا کہ ’صبح کام سے پہلے زیادہ کیفین لینے کے بعد دوپہر تک اس کا اثر ختم ہونے جیسا لگ رہا ہے۔‘
ورلڈ ہیومنائیڈ روبوٹ گیمز کا آغاز 2025 میں ہوا تھا، جبکہ رواں سال ہونے والے مقابلوں میں توسیع کرتے ہوئے 50 مختلف ایونٹس شامل کیے گئے ہیں۔ 
منتظمین کے مطابق اس منفرد مقابلے میں 666 ٹیمیں حصہ لیں گی جن کے ساتھ 2 ہزار 56 سے زائد روبوٹس میدان میں اتریں گے۔
 

شیئر: