شاہی مہمانوں کے چوتھے گروپ کے کسوہ فیکٹری کا دورہ کیا
مہمانوں نے غلاف کعبہ کی تیاری کے مختلف مراحل کا مشاہدہ کیا (فوٹو: ایس پی اے)
ضیوف خادم الحرمین الشریفین پروگرام کے تحت آنے والے عمرہ زائرین کے چوتھے اور آخری گروپ نے بدھ کو مکہ مکرمہ میں کنگ عبدالعزیز کمپلیکس (کسوہ فیکٹری) کا دورہ کیا۔
سرکاری خبر رساں ایجنسی ایس پی اے کے مطابق یہ دورہ ان کی ثقافتی اور تعلیمی سرگرمیوں کا حصہ ہے جس کا مقصد مہمانوں کے تجربات کو یادگار بنانا اور مملکت کی جانب سے زائرین کے لیے خدمات کو اجاگر کرنا ہے۔
شاہی مہمانوں نے غلاف کعبہ کی تیاری کے مختلف مراحل کا مشاہدہ کیا جن میں خالص ریشم کے دھاگوں کی تیاری اور رنگائی، بنائی، کڑھائی، سلائی اور آخر میں کسوہ کی مکمل تیاری شامل ہے۔
انہوں نے کسوہ کی تیاری میں استعمال ہونے والے مواد، اس سے وابستہ مہارت کے ساتھ فیکٹری کے قیام اور ترقی کے مراحل کے بارے میں معلومات حاصل کیں۔
انہوں نے سعودی ماہرین کو کاریگری کے اعلی معیارات کے مطابق یہ کام کرتے ہوئے بھی دیکھا۔

شاہی مہمانوں نے خانہ کعبہ اور کسوہ کی دیکھ بھال کے حوالے سے سعودی عرب کی کوششوں کو سراہا۔
یاد رہے آخری گروپ میں 21 ملکوں سے تعلق رکھنے والے 250 عمرہ زائرین مملکت پہنچے ہیں۔
اس گروپ میں پاکستان، بنگلہ دیش، انڈیا، سری لنکا، نیپال، مالدیپ، قازقستان، کرغیزستان، ترکمانستان، آذربائیجان، ترکیہ، جارجیا، روس، بھوٹان، آسٹریلیا، نیوزی لینڈ، سولومن جزائر اور فجی شامل ہیں۔

اس سال پروگرام کے تحت شاہی مہمانوں کی آمد مکمل ہوگئی۔ مجموعی طور پر 65 ملکوں کے ایک ہزار زائرین شاہی ضیافت میں مملکت پہنچے۔
ان تمام زائرین کی میزبانی شاہ سلمان بن عبدالعزیز کے ذاتی خرچ پر کی گئی ہے۔
