شاہی مہمانوں نے قرآن پرنٹنگ کمپلیکس اور سیرت نبوی میوزیم کا دورہ کیا
ہفتہ 10 اکتوبر 2026 18:54
مہمانوں کو قرآن کریم کے نسخے تحفے کے طور پر دیے گئے۔ ( فوٹو: ایس پی اے)
ضیوف خادم الحرمین الشریفین پروگرام کے تحت آنے والے عمرہ زائرین کے چوتھے اور آخری گروپ نے سنیچر کو مدینہ منورہ میں سیرت نبوی، اسلامی تہذیب کے میوزیم اور کنگ فہد قرآن پرنٹنگ کمپلیکس کا دورہ کیا جو ان کے ثقافتی پروگرام کا حصہ ہے۔
ایس پی اے کے مطابق شاہی مہمانوں کو کنگ فہد کمپلیکس کے دورے میں قرآن کریم کی طباعت کے مراحل سے آگاہ کیا گیا۔ انہیں قرآن کریم کے 80 زبانوں میں تراجم کے لیے ادارے کی کوششوں کے حوالے سے بھی بریفنگ دی گئی۔
دورے کے اختتام پر مہمانوں کو قرآن کریم کے نسخے اور متعدد زبانوں میں تراجم تحفے کے طور پر دیے گئے۔
مہمانوں نے قرآن کریم کی طباعت اور تقسیم کے لیے سعودی عرب کی کوششں کو سراہا۔
سیرت نبوی اور اسلامی تہذیب کے میوزیم میں مہمانوں نے مختلف پویلین کا دورہ کیا جہاں نبی کریم کی سیرت و کردار، تاریخی نوادرات کے علاوہ مکہ اور مدینہ کی تاریخ کو اجاگر کیا گیا ہے۔

نمائش میں انٹرایکٹو پینورامک ڈسپلے، تھری ڈی سکرینز شامل ہیں جن میں اسلامی ورثے اور روادری کی اقدار کو نمایاں کیا گیا تھا۔
چوتھے اور آخری گروپ میں 21 ملکوں کے 250 عمرہ زائرین سعودی عرب پہنچے ہیں۔
ان میں پاکستان، انڈیا، بنگہ دیش، نیپال، ازبکستان، کرغیرستان، جارجیا، بھوٹان، سری لنکا، تاجکستان، ترکمانستان، آذربائیجان، ترکیہ، نیوزی لینڈ، آسٹریلیا، قازقستان،روس، ویتنام، فجی، مالدیپ اور جزائر سلیمان کے مہمان شامل ہیں۔

یہ اقدام مملکت کے اسلامی ورثے کے تحفظ اور اس کی تہذیبی اہمیت کو اجاگر کرنے کے عزم کی عکاسی کرتا ہے۔
چوتھے اور آخری گروپ کی آمد کے ساتھ ہی اس سال پروگرام کے تحت شاہی مہمانوں کی آمد مکمل ہوگئی۔ مجموعی طور پر 65 ملکوں کے ایک ہزار زائرین شاہی ضیافت میں مملکت پہنچے۔
ان تمام زائرین کی میزبانی شاہ سلمان بن عبدالعزیز کے ذاتی خرچ پر کی گئی ہے۔
