Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سعودی خاتون کی بہادری، ریاض ایئرپورٹ پر مسافروں کی مدد کرکے دل جیت لیے

عبیر العجمی ایئر پورٹ پر خوف و ہراس کی صورتحال میں اپنا حوصلہ برقرار رکھا ( فوٹو: سکرین گریب)
ریاض کے کنگ خالد انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر لاؤنج آپریشنز منیجر سعودی خاتون عبیرالعجمی نے ہنگامی صورتحال میں فرض شناسی اور حوصلے کی مثال قائم کی جسے سوشل میڈیا پر اسے سراہا جا رہا ہے۔
عبیر العجمی نے الاخباریہ سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ’میں مملکت کی اعٰلی قیادت کی شکرگزار ہوں، ان کے پیش نظر وطن عزیز کا امن اور تمام لوگوں کی سلامتی کا پہلو مقدم ہوتا ہے۔‘
انہوں نے کہا کہ ’یہ ہماری تربیت کا حصہ ہے کہ کسی کو بھی کوئی مسئلہ ہو تو اسے حل کیا جائے۔ ہر ممکن طریقے سے مسافروں کی فوری مدد کریں۔ یہی ہمارے دین حنیف کی تعلیمات اور سعودی عرب کی اقدار بھی ہیں کہ ضرورت مند کی مدد ہر طرح سے مدد کی جائے۔‘
انہوں نے کہا کہ ریاض ایئرپورٹ کمپنی کی جانب سے مسافروں کی بروقت مدد اور مختلف حالات میں امداد کی فراہمی کو یقینی بنانے کی ٹریننگ دی جاتی ہے۔ اسی تربیت کے باعث اس قابل ہوئے کہ مشکل وقت میں بروقت اپنی ذمہ داریوں کا احساس کرتے ہوئے گھبرائے بغیر مسافروں کی رہنمائی اور مدد کی۔
عبیرالعجمی نے مزید کہا ’فخر ہے کہ میں نے اپنی ٹیم کے ساتھ مل کر مشکل حالت کا بخوبی سامنا کیا۔ اس میں میرے ساتھی برابر کے شریک ہیں۔‘

 سوشل میڈیا پر وائرل ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ کنگ خالد انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر حوثیوں کے میزائل حملے کے دوران عبیر العجمی نے خوف و ہراس کی صورتحال میں اپنا حوصلہ برقرار رکھا۔ مسافروں، بچوں اور دیگر افراد کی محفوظ مقامات کی جانب رہنمائی کرتی رہیں۔
سوشل میڈیا صارفین نے اس عمل کو سراہتے ہوئے انہیں سعودی خاتون اہلکار کی فرض شناسی اور پروفیشنل مہارت کی قابل تقلید مثال قرار دیا۔
عبیر کی چھوٹی بہن نورۃ العجمی نے سوشل میڈیا پر پوسٹ میں لکھا کہ ’بڑی بہن اور میرا سہارا عبیر، میں نے انہیں ہمیشہ ایک بہارد شخصیت کے روپ میں دیکھا ہے۔‘

 

شیئر: