Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سعودی ایئرپورٹ کو حوثیوں نے کب کب نشانہ بنایا، اتحاد نے تفصیلات جاری کر دیں

حملوں میں مجموعی طور پر 19 افراد ہلاک اور 364 زخمی ہوئے ہیں۔ ( فوٹو: اے ایف پی)
یمن کی حکومت کی حمایت کرنے والے عرب اتحاد کے سرکاری ترجمان نے کہا ہے کہ ’مملکت کے ایئرپورٹس پر ہونے والے حوثیوں کے حملوں میں مجموعی طور پر 19 افراد ہلاک اور 364 زخمی ہوئے ہیں۔‘
میجر جنرل ترکی المالکی نے جمعرت کو پریس بریفنگ میں بتایا 5 اکتوبر کو جازان میں کنگ عبداللہ انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر ایک حملے میں تین افراد زخمی ہوئے جبکہ 6 اکتوبر کو ابہا انٹرنیشنل ایئرپورٹ کو نشانہ بنایا گیا جس میں دو افراد ہلاک اور 28 زخمی ہوئے۔
ترجمان نے کہا ’7 اکتوبر کو کنگ خالد ایئرپورٹ پر حملے میں ایک ہلاک اور آٹھ زخمی ہوئے جبکہ دوسرے دن 8 اکتوبر کو تین ہلاکتیں ہوئیں اور پانچ افراد زخمی ہوئے۔ 
کنگ خالد انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر 10 اکتوبر کو ہونے والے سفاکانہ حملے میں 13 افراد جان سے گئے اور 309 زخمی ہوئے۔ اس کے اگلے دن ایک اور حملے میں ایک شخص کی موت واقع ہوئی اور 11 افراد زخمی ہوئے۔
انہوں نے سعودی عرب کے خلاف حوثی حملوں اور خلاف ورزیوں  کے اعداد و شمار بھی پیش کیے۔
ترجمان کا کہنا تھا دو اپریل 2022 کو جنگ بندی کے آغاز سے اب تک 14 اکتوبر 2026 تک حوثیوں نے بیلسٹک میزائل کے 175 حملے کیے جبکہ 230 ڈرونز داغے گئے۔
ڈرونز کے ذریعے تین ہزار 339 پروجیکٹائل فائر کیے۔ اس دوران بارودی سرنگیں بچھانے کے تین واقعات پیش آئے۔
ترکی المالکی نے کہا ’حوثی ملیشا نے علاقائی فریقین کی مدد سے جدید ٹیکنالوجی حاصل کی اور وہ ایسا پہلا دہشت گرد گروہ بن گیا جس کے پاس بیلسٹک میزائل، ڈرون، خودکش ڈرون اور بارودی مواد سے لیس تیزرفتار کشتیاں موجود ہیں۔‘
ان کا کہنا تھا ’اتحادی فورسز ان تنصیبات اور لانچ سائٹس کے نیٹ ورک کوختم کرنے کے لیے کام کر رہی ہیں جو حملوں میں استعمال کیے جاتے ہیں۔‘

 

شیئر: