حوثیوں نے مسجدِ نبوی کو بجلی فراہم کرنے والے مدینہ کے پاور اسٹیشن کو نشانہ بنایا: عرب اتحاد
جمعرات 1 اکتوبر 2026 20:15
اتحادی فورسز کے سرکاری ترجمان میجر جنرل ترکی المالکی نے کہا ہے کہ حوثیوں نے منگل کی صبح 5 بجکر 11 منٹ پر مدینہ منورہ میں بجلی کی تقسیم کے ایک سٹیشن کو نشانہ بنایا ہے۔
ترجمان نے کہا کہ تحقیقات اور حکام کی جانب سے حاصل کردہ شواہد نے حوثی ملیشیا کی اس بزدلانہ دہشت گردانہ کارروائی کی منصوبہ بندی اور اس میں ملوث ہونے کو ثابت کیا ہے جس کی تصدیق آپریشنل جائزے اور حملے میں استعمال کیے جانے والے ڈرون کے ملبے سے ہوئی ہے۔
ایس پی اے کے مطابق میجر جنرل ترکی المالکی نے بتایا دہشت گرد حملے میں ایک ٹرانسفارمر آؤٹ آف آرڈر ہو گیا تاہم بجلی کا گرڈ متاثر نہیں ہوا۔
ترجمان نے کہا مدینہ منورہ میں مسجد نبوی کو بجلی کی خدمات فراہم کرنے والی ایک سول تنصیب کو نشانہ بنانے کی یہ بزدلانہ دہشت گردانہ کارروائی حوثیوں کی جانب سے مقدس مساجد کو نشانہ بنائے جانے کی کوششوں کا تسلسل ہے۔
انہوں نے کہا یہ اقدام مکہ اور مدینمہ کو نشانہ بنا کر دنیا بھر کے کروڑوں مسلمانوں کے جذبات کو دانستہ بھڑکانے کی ایک مسلسل اور دانستہ کوشش بھی ہے۔
میجر جنرل ترکی المالکی نے اتحاد کی جانب سے حوثی دہشت گرد ملیشیا کو روکنے کے لیے اقدامات، ان پر عمل درآمد جاری رکھنے، دو مقدس مساجد کے تحفظ ، مکہ اور مدینہ میں زائرین کے تحفظ کو یقینی بنانے کے عزم کا اعادہ کیا۔
