سعودی سفیر سے اسحاق ڈارکی ملاقات، دوطرفہ تعاون بڑھانے کے عزم کا اعادہ
جمعہ 16 اکتوبر 2026 14:36
نائب وزیراعظم نے سعودی قیادت اور عوام کے لیے گرم جوشی کے ساتھ نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ (تصویر: دفتر خارجہ)
پاکستان میں سعودی عرب کے نئے تعینات ہونے والے سفیر ڈاکٹر راجح بن تامی البقمى نے نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار سے اسلام آباد میں ملاقات کی ہے۔
دفتر خارجہ کے مطابق ملاقات میں اسحاق ڈار نے پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان دیرینہ برادرانہ تعلقات اور سٹریٹجک شراکت داری کو اجاگر کرتے ہوئے باہمی ترقی اور خوشحالی کے لیے دوطرفہ تعاون مزید مضبوط بنانے کے مشترکہ عزم کا اعادہ کیا۔
سعودی سفیر نے سعودی قیادت کی جانب سے پاکستان کی قیادت اور عوام کے لیے نیک تمناؤں کا پیغام پہنچایا، جس پر نائب وزیراعظم نے سعودی قیادت اور عوام کے لیے گرم جوشی کے ساتھ نیک خواہشات کا اظہار کیا۔
اسحاق ڈار نے خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز آل سعود، ولی عہد و وزیراعظم شہزادہ محمد بن سلمان، وزیر دفاع شہزادہ خالد بن سلمان اور وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان کے لیے بھی نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔
نائب وزیراعظم نے پاکستان میں سعودی سفیر کی ذمہ داریاں سنبھالنے پر انہیں مبارک باد دیتے ہوئے ان کے کامیاب دورِ سفارت کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔
