پاکستان میں نئے سعودی سفیر اسلام آباد پہنچ گئے، باضابطہ ذمہ داریاں سنبھالیں گے
وزارت خارجہ کے پروٹوکول ڈیپارٹمنٹ کے اسسٹنٹ ڈائریکٹر نے خیر مقدم کیا۔( فوٹو ایکس اکاؤنٹ)
پاکستان میں سعودی عرب کے نئے سفیر ڈاکٹر راجح بن طامی البقمی باضابطہ اپنی ذمہ داریاں سنبھالنے سنیچر کو اسلام آباد پہنچ گئے۔
سعودی سفارتخانے کے ایکس اکاؤنٹ پر پوسٹ کے مطابق اسلام آباد آمد پر پاکستانی وزارت خارجہ کے پروٹوکول ڈیپارٹمنٹ کے سسٹنٹ ڈائریکٹر خوشان سعید اور سفارتخانے کے حکام نے ان کا خیر مقدم کیا۔
ڈاکٹر راجح بن طامی البقمی کو جولائی میں سفیر مقرر کیا گیا تھا، انہوں نے نواف بن سعید المالکی کی جگہ لی ہے جو اگست 2017 میں پاکستان میں سعودی عرب میں سفیر مقرر ہوئے تھے۔
ڈاکٹر البقمی ریٹائرڈ میجر جنرل ہیں، انہوں نے برونیل یونیورسٹی لندن سے ہیومن ریسورس مینجمنٹ میں ڈاکٹریٹ کی ڈگری حاصل کی ہے۔
یاد رہے پاکستان اور سعودی عرب دیرینہ اتحادی ہیں، جو مشرق وسطی میں بڑھتے ہوئے عدم استحکام کے درمیان دفاع، سرمایہ کاری اور علاقائی سکیورٹی میں تعاون کو مزید وسعت دے رہے ہیں۔
حالیہ مہینوں کے دوران دونوں ملکوں کے تعلقات اور بھی قریب تر ہوئے ہیں کیونکہ ایران کے تنازعات سمیت علاقائی سکیورٹی کے ایشوز پر دونوں نے قریبی تعاون کیا ہے۔
