Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

نئے سعودی سفیر راجح بن طامی البقمی کی وزیراعظم شہباز شریف سے ملاقات

پاکستان میں مقرر ہونے والے سعودی عرب کے نئے سفیر ڈاکٹر راجح بن طامی البقمی نے وزیراعظم شہباز شریف سے ملاقات کی۔
جمعے کو اسلام آباد میں ہونے والی اس ملاقات کے لیے پہنچنے پر وزیراعظم نے ان کا استقبال کیا اور نئی ذمہ داریاں سنبھالنے پر مبارک باد دی۔
اس موقع پر شہباز شریف کا کہنا تھا کہ حالیہ برسوں میں پاکستان اور سعودی عرب کے تعلقات میں نمایاں پیش رفت ہوئی ہے۔
انہوں نے دونوں ممالک کے درمیان دو طرفہ تعاون کو مزید گہرا اور وسیع کرنے کے عزم کا اعادہ بھی کیا جبکہ دوطرفہ تعلقات میں موجودہ ادارہ جاتی میکانزم کو مزید مستحکم کرنے کے عزم اظہار بھی کیا۔
وزیراعظم نے سعودی عرب کے خلاف حوثی حملوں میں حالیہ اضافے کی شدید مذمت کی، جن کے نتیجے میں قیمتی جانیں ضائع ہوئیں اور پاکستانی شہریوں سمیت متعدد افراد زخمی ہوئے۔
وزیراعظم کے مطابق ’سعودی اور پاکستان ہمیشہ ایک دوسرے کے شانہ بشانہ کھڑے رہے ہیں اور باہمی سٹرہٹیجک معاہدہ اور ’مکہ مشترکہ دفاعی اتحاد‘ دونوں ممالک کے دیرینہ برادرانہ تعلقات میں تاریخی سنگِ میل کی حیثیت رکھتے ہیں۔‘

وزیراعظم نے نئی ذمہ داریاں سنبھالنے پر ڈاکٹر راجح بن طامی البقمی کو مبارک باد دی (فوٹو: پی ایم آفس)

ان کے بقول ’یہ معاہدے علاقائی امن و سلامتی کے لیے مشترکہ عزم کی عکاسی کرتے ہیں۔‘
انہوں نے ایک بار پھر یہ عزم دُہرایا کہ پاکستان، مملکتِ سعودی عرب کی خودمختاری، سلامتی اور علاقائی سالمیت کے تحفظ کے لیے ان کے ثابت قدمی سے ساتھ کھڑا ہے۔
انہوں نے پاکستان کو طویل مدتی اقتصادی اور مالی معاونت کی فراہمی پر سعودی قیادت کا شکریہ بھی ادا کیا۔
وزیراعظم نے سفیر کے لیے ان کی ذمہ داریوں میں کامیابی کی دعا کی اور دونوں ممالک کے درمیان دیرینہ برادرانہ تعلقات کو مزید مستحکم کرنے کے لیے پاکستان کی جانب سے مکمل حمایت اور تعاون کا یقین دلایا۔

شیئر: