پاکستان میں نئے سعودی سفیر نے ذمہ داریاں سنبھال لیں، صدر کو اسنادِ سفارت پیش
خادمِ حرمین شریفین کے سفیر کی حیثیت سے ڈاکٹر راجح بن طامی البقمی نے بدھ کے روز صدرِ پاکستان آصف علی زرداری کو اپنی سفارتی اسناد پیش کیں اور باضابطہ طور پر پاکستان میں سعودی عرب کے بااختیار سفیر کی حیثیت سے اپنی ذمہ داریاں سنبھال لیں۔
اسلام آباد میں سعودی سفارت خانے کے مطابق ڈاکٹر راجح بن طامی البقمی نے خادمِ حرمین شریفین اور ولی عہد اور وزیراعظم کی طرف سے صدرِ مملکت کے لیے نیک تمنائیں اور پاکستان کی حکومت اور عوام کے لیے مزید ترقی و خوش حالی کا پیغام پہنچایا۔
صدرِ پاکستان نے سعودی قیادت کے لیے اپنے مخلصانہ جذبات کے اظہار کے ساتھ اس عزم کو دہرایا کہ پاکستان کی حکومت اور عوام ہمیشہ اپنے سعودی بھائیوں کے ساتھ کھڑے ہیں.
اس موقعے ہر صدر آصف علی زرداری نے سعودی سفیر کو ان کی نئی ذمہ داریاں سنبھالنے پر مبارک باد پیش کی اور اُن کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔
ڈاکٹر راجح بن طامی البقمی نے سعودی عرب کے لیے پاکستان کے مثبت اور برادرانہ موقف پر صدرِ مملکت کا شکریہ ادا کیا۔
انہوں ںے دونوں برادر ممالک کے درمیان گہرے، مضبوط اور سٹریٹجک تعلقات کو تمام شعبوں میں مزید فروغ دینے کے پختہ عزم کا اعادہ بھی کیا۔
