شاہ سلمان مرکز کا شام میں تعلیمی اور سماجی مراکز کا بحالی منصوبہ
جمعہ 16 اکتوبر 2026 20:04
عمارتوں کی بحالی کے علاوہ درکار فرنیچر بھی فراہم کیا جائے گا(فوٹو، ایکس اکاؤنٹ)
شاہ سلمان امدادی و فلاحی مرکز کی جانب سے جمہوریہ شام کے صوبے حمص میں تعلیمی اور سماجی تنظیموں کی عمارتوں کی بحالی کے لیے مشترکہ منصوبے پر دستخط کیے گئے ہیں۔
ایس پی اے کے مطابق اسکولوں اور سماجی مرکز کی عمارتوں کی بحالی کے منصوبے سے 2 ہزار 715 افراد براہ راست جبکہ 12 ہزار 500 افراد بالواسطہ مستفید ہوں گے۔
منصوبے کے تحت حمص کے علاقے ’القصیر‘ میں دو اسکولوں اور ایک سماجی و فلاحی مرکز کی عمارتوں کی بحالی کا کام کیا جائے گا۔
اس ضمن میں 53 کلاس رومز، 17 انتظامی کمروں، لبیارٹریوں اور مختلف ہالز کی اصلاح و مرمت و بحالی کا کام کیا جائے گا۔
مرکز کی جانب سے عمارتوں کی بحالی کے ساتھ ساتھ اسکولوں کو درکار فرنیچر بھی فراہم کیا جائے گا جبکہ برقی رو کی مستقل بنیادوں پر فراہمی کو یقینی بنانے کے لیے سولر سسٹم بھی نصب کیا جائے گا۔
واضح رہے یہ اقدام سعودی عرب کی جانب سے شاہ سلمان امدادی و فلاحی مرکز کے ذریعے جمہوریہ شام کے مختلف صوبوں میں تعلیمی شعبے کی معاونت کےلیے جاری انسانی و فلاحی امدادی کوششوں کا حصہ ہے۔ اس کا مقصد تعلیمی اداروں کو ان کے تعلیمی اور سماجی کردار کی بحالی میں مدد دینا اور طلبہ کے لیے محفوظ تعلیمی ماحول کی فراہمی کو یقینی بنانا ہے۔
خیال رہے شام کے مختلف صوبوں میں اب تک 62 اسکولوں کی تمیرِ نو کا کام مکمل کرنے کے بعد وہاں درکار ضروری اشیا کی فراہم کی جاچکی ہیں۔