وزارتِ اسلامی امور کا شاہی مہمانوں کے لیے ثقافتی و تفریحی پروگرام
وزارتِ اسلامی امور کا شاہی مہمانوں کے لیے ثقافتی و تفریحی پروگرام
جمعہ 16 اکتوبر 2026 21:11
مہمانوں کو عربی قہوہ پیش کرنے کے طریقے سے بھی روشناس کرایا گیا(فوٹو،ایس پی اے)
وزارتِ اسلامی امور نے خادم حرمین شریفین عمرہ ضیافت پروگرام کے تحت مختلف ممالک سے آنے والے شاہی مہمانوں کے چوتھے گروپ کے لیے ثقافتی و تفریحی دن کا اہتمام کیا۔
ایس پی اے کے مطابق پروگرام کا مقصد شاہی مہمانوں کو سعودی عرب کے عوامی ورثے سے روشناس کراتے ہوئے، ثقافتی و تہذیبی تنوع کو اجاگر کرنا اور دنیا کے مختلف ممالک سے تعلق رکھنے والوں کے درمیان اخوت و باہمی رابطوں کو فروغ دینا ہے۔
پروگرام کے دوران مہمانوں نے منعقدہ نمائش کا دورہ کیا، جہاں ثقافتی اور روایتی ورثے کے مختلف گوشوں پر مشتمل اسٹالز قائم کیے گئے تھے۔
پروگرام کا مقصد مہمانوں کو مملکت کے عوامی ورثے سے روشناس کرانا ہے(فوٹو، ایس پی اے)
اس موقع پر مہمانوں کو سعودی ’قہوہ‘ پیش کرنے کے روایتی طریقوں سے بھی آگاہ کیا گیا، جبکہ انہیں مختلف مقامی پکوانوں سے بھی روشناس کرایا گیا۔
’ضیوف خادم حرمین الشریفین برائے عمرہ و زیارت پروگرام ‘ کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر علی بن عبداللہ الزغیبی نے بتایا کہ وزارت مہمانوں کو ایک جامع روحانی و ثقافتی تجربہ فراہم کرنے کےلیے پرعزم ہے، جس میں عمرہ اور زیارت کی ادائیگی میں سہولت کے ساتھ ساتھ مملکت کے تہذیبی اور ثقافتی ورثے سے روشناس کرانے اور مختلف قومیتوں و ثقافتوں سے تعلق رکھنے والے مسلمانوں کے درمیان اخوت و محبت کے رشتوں کو مضبوط بنانے پر توجہ دی جاتی ہے۔