شہزادہ فیصل بن فرحان سے عمانی وزیر خارجہ کا رابطہ، سعودی ایئر پورٹس پر حملوں کی مذمت
ہفتہ 10 اکتوبر 2026 17:26
دونوں وزرائے خارجہ نے حالیہ علاقائی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا ( فوٹو: عرب نیوز)
سعودی وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان سے سنیچر کو عمان کے ہم منصب بدر حمد البوسعیدی نے ٹیلی فون پر رابطے میں سعودی ائیر پورٹس پر حوثیوں کے حالیہ حملوں کی مذمت کی اور مملکت کے ساتھ یکجہتی کا اعادہ کیا۔
ایس پی اے کے مطابق رابطے کے دوران انہوں نے مملکت کی شہری تنصیبات کو نشانہ بنانے کو مکمل طور پر مسترد کیا جو سعودی عرب کی سلامتی اور اس کے عوام کے تحفظ کے لیے خطرہ ہیں۔
دونوں وزرائے خارجہ نے حالیہ علاقائی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا۔ کشیدگی کم کرنے کے ساتھ علاقائی سلامتی اور استحکام کو مضبوط بنانے کے لیے سفارتی حل کی سپورٹ کی اہمیت پر بھی بات کی۔
یاد رہے کہ حالیہ دنوں میں مملکت کے خلاف حوثیوں کے حملوں میں شدت آئی ہے۔
سعودی سول ایوی ایشن اتھارٹی نے جمعے کو تصدیق کی تھی کہ ریاض کے کنگ خالد انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر دو حملے کیے گئے ہیں جن کے نتیجے میں ایک پائلٹ سمیت تین افراد ہلاک ہو گئے۔
پہلے حملے میں ایئرپورٹ کی تنصیبات کو نشانہ بنایا گیا جبکہ دوسرے حملے میں سعودیہ ایئر لائنز کے ایک طیارے کو نشانہ بنایا گیا۔
حوثیوں کے حالیہ حملوں کی علاقائی سطح پر بڑے پیمانے پر مذمت کی جا رہی ہے جبکہ سعودی قیادت میں اتحاد نے یمن میں حوثیوں کے فوجی اہداف پر جوابی حملے کیے ہیں۔
