مصری صدر سعودی عرب کی سپورٹ کے لیے پارلیمنٹ کی منظوری کے خواہاں
ہفتہ 17 اکتوبر 2026 21:20
مصری پارلیمنٹ کا ایک ہنگامی اجلاس بلانے کی درخواست کی ہے (فوٹو: اے ایف پی)
مصر کے صدر عبدالفتاح السیسی نے سنیچر کو کہا ہے کہ انہوں نے مصری پارلیمنٹ کا ایک ہنگامی اجلاس بلانے کی درخواست کی ہے تاکہ اگر سعودی عرب کی جانب سے درخواست کی جائے تو انہیں دفاعی اقدامات کا اختیار مل سکے۔
ایک فوجی اکیڈمی میں گریجویشن تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ’اگر سعودی عرب نے درخواست کی تو مصر، مملکت کے تحفظ اور دفاع کے لیے تمام ضرروری اقدامات کرے گا۔‘
مصری صدر کا کہنا تھا ’سعودی عرب کو نشانہ بنانے والے حملے عرب اور مصری قومی سلامتی کو بھی سبوتاژ کرتے ہیں۔‘
انہوں نے مصر کی جانب سے مملکت کی سلامتی اور استحکام کو درپیش کسی بھی خطرے کو مسترد کیا۔
انہوں نے بحیرہ احمر اور بین الاقوامی بحری گزرگاہوں کی سلامتی کو درپیش خطرات کے حوالے سے بھی خبردار کیا سعودی عرب کے تحفظ اور علاقائی کشیدگی میں کمی کی اہمیت پر زور دیا۔
مصری صدر نے سعودی عرب، متحدہ عرب امارات اور کویت کی جانب سے مصر کو فراہم کی جانے والی سپورٹ پر شکریہ ادا کیا اور اسے ’تاریخی‘ قرار دیا۔
عبدالفتاح السیسی نے یہ بھی کہا کہ 2030 میں موجودہ مدت مکمل ہونے کے بعد وہ عہدے پر برقرار رہنے کی کوششش نہیں کریں گے۔ انہوں نے اس معاملے کو ’مکمل طے شدہ‘ قرار دیا۔
71 سالہ عبدالفتاح السیسی فوج کے سابق جنرل ہیں۔ 2014 میں صدرکا عہدہ سنبھالا تھا۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ’ مصری آئین میں کوئی تبدیلی نہیں ہوگی۔‘
