Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سعودی ولی عہد اور مصری صدر کی ملاقات، علاقائی سکیورٹی اور استحکام پر تبادلہ خیال

ملاقات میں دونوں ملکوں کے درمیان سٹریٹیجک تعلقات کا جائزہ لیا گیا ( فوٹو: ایس پی اے)
مصری صدر عبدالفتاح السیسی نے منگل کو قاہرہ میں سعودی ولی عہد و وزیراعظم شہزادہ محمد بن سلمان کا خیرمقدم کیا۔
ایس پی اے اور عرب نیوز کے مطابق مصری صدر اور سعودی ولی عہد نے ملاقات میں قریبی سکیورٹی تعاون کے عزم کا اعادہ کیا۔
مصری صدر نے اپنے دوسرے گھر میں ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کا خیر مقدم کیا جبکہ سعودی ولی عہد نے پُرتپاک استقبال اور مہمان نوازی پر شکریہ ادا کیا۔
ملاقات میں مصر اور سعودی عرب کے درمیان سٹریٹیجک تعلقات، انہیں مختلف شعبوں میں ترقی دینے کے طریقوں کا جائزہ لیا گیا۔
دونوں رہنماؤں نے عرب اور اسلامی دنیا سے متعلق امور، مشرق وسطی کی صورتحال خصوصا علاقائی سکیورٹی، استحکام، میری ٹائم سکیورٹی اور فریڈم آف نیویگیشن کے حوالے سے کوششیں مربوط بنانے کے طریقوں پر تبادلہ خیال کیا۔
وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان، وزیر مملکت، کابینہ کے رکن اور قومی سلامتی کے مشیر ڈاکٹر مساعد بن محمد العیبان اور دیگر عہدیدار بھی موجود تھے۔
عرب نیوز کے مطابق مصری صدر نے کہا کہ ’سعودی عرب اور خلیجی ریاستوں کی سکیورٹی مصر کی قومی سلامتی کا حصہ ہے۔‘
مصری ایوان صدر کے مطابق مصر نے سعودی عرب پر ہونے والے کسی بھی حملے کی مذمت کی۔ مملکت کی سلامتی کے دفاع کے لیے سعودی اقدامات کی سپورٹ کا یقین دلایا۔
دونوں ملکوں نے بڑھتی ہوئی علاقائی کشیدگی کے دوران آبنائے ہرمز اور باب المندب میں جہاز رانی کی آزادی کے تحفظ پر بھی اتفاق کیا۔
مصری ایوان صدر کا کہنا تھا ’مصر اور سعودی عرب کے مفادات ایک دوسرے کے ساتھ جڑے ہوئے ہیں اور دونوں ملکوں کے اہداف مشترک ہیں۔‘
قبل ازیں سعودی ولی عہد سرکاری دورے پر قاہرہ پہنچے تو مصری صدر السیسی نے ایئرپورٹ پر ان کا خیرمقدم کیا۔

 

شیئر: