Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

حرمین شریفین کا آڈیو سسٹم: عبادت کے لیے سکون اور روحانی ماحول میں مدد گار

مسجد الحرام کا ساؤنڈ سسٹم اپنی نوعیت کے بڑے سسٹمز میں سے ایک ہے( فوٹو: ایس پی اے)
مسجد الحرام مکہ مکرمہ اور مسجد نبوی مدینہ منورہ کے آڈیو سسٹمز ایک مربوبط تیکنیکی نیٹ ورک پر مشتمل ہیں جس کا مقصد محض آواز پہنچانا نہیں بلکہ ایسا واضح اور مستحکم صوتی ماحول فراہم کرنا ہے جس سے زائرین کو سکون اور روحانی ماحول میں عبادات کی ادائیگی میں مدد مل سکے۔
ایس پی اے کے مطابق یہ نظام اس بات کو یقینی بناتا ہے کہ  اذان، نماز، خطبات، اور دینی دروس  موثر طریقے سے پہنچ سکیں۔ مسجد الحرام کا ساؤنڈ سسٹم اپنی نوعیت کے بڑے سسٹمز میں سے ایک ہے۔ یہ  توسیع شدہ حصوں، صحنوں، راہداریوں اور ارد گرد کے علاقوں سمیت تقریبا 6 لاکھ 50 ہزار مربع میٹر رقبے کو کور کرتا ہے۔
ساؤنڈ سسٹم کو منظم و موثر بنانے کے لیے توسیعی حصوں، صحنوں، راہداریوں اور مسجد الحرام کے اطراف میں 8 ہزار سے زائد جدید ترین لاوڈ سپیکرز نصب کیے گئے ہیں۔
صوتی نظام کی نگرانی اور آپریشن کے لیے 120 انجینیئرز اور فنی ماہرین 24 گھنٹے  کام کرتے ہیں جبکہ آئمہ، موذنین اور خطبا کی آواز اور دروس کے سلسلے کو جامع انداز میں رکھنے اور ریکارڈنگ کے لیے 100 کے قریب مائیکروفون موجود ہیں۔
یہ نظاٹ 21 آٹومیٹک ساؤنڈ ایکولائزر پر مشتمل ہے جن کے ذریعے مسجد الحرام کے مختلف حصوں میں آواز کی سطح کو کنٹرول کیا جا سکتا ہے۔ مختلف مقامات پر قائم کنٹرول رومز متعلقہ ٹیموں کو نظام کی کارکردگی پر نظر رکھنے اور کسی بھی صورتحال میں فوری کارروائی کے قابل بناتے ہیں۔

صوتی نظاموں کی مسلسل نگرانی اور دیکھ بھال کے لیے باقاعدہ پروگرامز ہیں جن میں کنٹرول رومز، آلات اور سپیکرز میں نصب حساس مائیکروفونز کی نمازوں کے بعد باقاعدہ جانچ کی جاتی ہے۔
مسجد نبوی کا ساؤنڈ سسٹم تین بنیادی حصوں پر مشتمل ہے مرکزی سسٹم، متبادل اور ہنگامی سسٹم۔ یہ ترتیب نظام کی قابلِ اعتماد کارکردگی اور امام و موذن کی آواز کے ساتھ خطبات اور علمی دروس کی مسلسل ترسیل کو یقینی بناتی ہے۔
مسجد نبوی میں لاؤڈ سپیکر راہداریوں، توسیعی حصوں ، صحنوں، چھت اور میناروں تک پھیلے ہوئے ہیں۔ پارکنگ مقامات اور مسجد کی جانب آنے والی سڑکوں پر بھی سپیکرز نصب ہیں جس سے نمازیوں اور زائرین کی آمد ورفت والے وسیع علاقے تک آواز پہنچائی جاتی ہے۔

حرمین شریفین کے صوتی نظام ریڈیو اور ٹیلی ویژن کی نشریاتی سہولتوں سے بھی مربوط ہیں جس کے ذریعے نمازوں خطبات اور دروس کی آڈیو اور ویڈیو دنیا بھر کے مسلمانوں تک پہنچائی جاتی ہے۔
کنٹرول رومز اور انجینیئرنگ و فنی عملہ ان نظاموں کی کارکردگی کی نگرانی اور آواز کے معیار و استحکام کو برقرار رکھنے میں کلیدی کردار ادا کرتا ہے۔

 

شیئر: