مسجد الحرام میں جدید ٹیکنالوجی سے پہلے کراؤڈ منیجمنٹ کیسے کی جاتی تھی؟
مطاف میں لکڑی کا پلیٹ فارم پر سکیورٹی اہلکار کو تعینات کیا جاتا تھا ( فوٹو ایس پی اے)
حرمین آرکیٹیکچر نمائش زائرین کے تجربے کو مزید بہتر بنانے کا سلسلہ جاری رکھے ہوئے ہے۔
ایس پی اے کے مطابق ایسی نادر اشیا زائرین کی دلچسپی کے لیے رکھی گئی ہیں جن کا کردار ماضی میں مسجد الحرام میں فراہم کی جانے والی خدمات میں انتہائی اہم ہوتا تھا۔
اس میں ایک لکڑی کا پلیٹ فارم شامل ہے جو مطاف میں حجر الاسود کے ساتھ بنے سنگ مرمر کے چبوترے کے اوپر رکھا جاتا تھا جہاں ایک سکیورٹی اہلکار کو تعینات کیا جاتا تاکہ وہ بیت اللہ کا طواف کرنے والوں کی نگرانی اور حجر اسود کو بوسہ دینے والے زائرین کو منظم رکھے۔
یہ اشیا مسجد الحرام میں کراؤڈ منیجمنٹ کے ابتدائی طریقوں کو اجاگر کرتی ہیں جو جدید نظام اور ٹیکنالوجی سے پہلے استعمال ہوتے تھے۔
مطاف میں زائرین کی موومنٹ کو منظم رکھنے کے لیے لکڑی کا یہ پلیٹ فارم تاریخی اہمیت کا حامل تھا۔
نمائش میں آنے والے زائرین کو اس تاریخی پلیٹ فارم کے بارے میں تفصیلی آگاہ کیا جاتا ہے جو مسجد الحرام میں صحن مطاف میں حجر الاسود کے ساتھ ہی رکھا جاتا تھا۔

واضح رہے نمائش حرمین شریفین کی تاریخ میں دلچسپی رکھنے والے اور محققین کے لیے مفید ہے جہاں انہیں حرمین شریفین کی مختلف ادوار میں تعمیراتی مراحل کے حوالے سے مصدقہ معلومات حاصل ہوتی ہیں۔
نمائش میں حرمین شریفین سے متعلق نادر و نایاب اشیا، دستاویزات اور تاریخی تصاویر رکھی گئی ہیں جو عہدِ رفتہ کے کارہائے نمایاں کو بیان کرتی ہیں۔
