الیکٹرونک سکرینوں کی مدد سے مسجد الحرام میں زائرین کی آمدورفت مزید منظم
جمعرات 23 جولائی 2026 12:17
سکرینیں زائرین کو اوپر کی منزلوں کے راستوں کی طرف بھی رہنمائی کرتی ہیں (فوٹو: ایس پی اے)
مسجد الحرام کے دروازوں اور بیرونی صحنوں میں نصب کی گئی الیکٹرونک گائیڈنس سکرینیں نمازیوں اور زائرین کو راستوں اور دروازوں کی نشاندہی میں مدد فراہم کر رہی ہیں جس سے ہجوم کو سنبھالنے اور اندر داخلے کے عمل کو آسان بنایا جا رہا ہے۔
سعودی پریس ایجنسی (ایس پی اے) کے مطابق یہ سکرینیں دروازوں کی دستیابی اور مطاف و مسعیٰ میں لوگوں کی موجودگی سے متعلق لمحہ بہ لمحہ تازہ ترین معلومات فراہم کرتی ہیں جس سے عمرہ زائرین اور نمازیوں کے لیے سب سے مناسب اور آسان راستے کا انتخاب کرنا ممکن ہو جاتا ہے۔
اس کے علاوہ یہ سکرینیں زائرین کو اوپر کی منزلوں کے راستوں کی طرف بھی رہنمائی کرتی ہیں جس سے آمدورفت کی روانی برقرار رہتی ہے اور اندر پہنچنے کا وقت بھی بچتا ہے۔
یہ اقدام جدید ٹیکنالوجی کے ذریعے ہجوم کو بہترین طریقے سے کنٹرول کرنے، انتظام کو مزید موثر بنانے اور مسجد الحرام میں فراہم کی جانے والی خدمات کے معیار کو بلند کرنے کی مسلسل کوششوں کا ایک اہم حصہ ہے۔
