’روحانی سفر کا اختتام‘: شاہی ضیافت میں عمرہ زائرین کے آخری گروپ کی روانگی
اتوار 18 اکتوبر 2026 17:48
عمرے کی ادائیگی اور مدینہ منورہ میں مسجد نبوی کی زیارت کی۔( فوٹو: ایس پی اے)
ضیوف خادم الحرمین الشریفین پروگرام کے تحت عمرہ زائرین کا چوتھا اور آخری گروپ اتوار کو ایک مکمل روحانی سفر کے بعد مکہ مکرمہ سے روانہ ہو گیا۔
اس دوران انہوں نے عمرے کی ادائیگی اور مدینہ منورہ میں مسجد نبوی کی زیارت کی۔
ایس پی اے کے مطابق وزارت اسلامی امور نے شاہی مہمانوں کو قیام کے دوران خدمات اور سہولتوں کی ایک وسیع رینج فراہم کی۔
مہمانوں نے مدینہ منورہ میں مسجد نبوی کی زیارت کی، اسلامی اور تاریخی مقامات کا دورہ کیا جس میں جبل احد اور کنگ فہد پرنٹنگ کمپلیکس شامل ہیں۔
مکہ مکرمہ پہنچ کر انہوں نے عمرہ ادا کیا، کسوہ فیکٹری، حرا کلچرل ڈسٹرکٹ کا دورہ کیا۔ تعلیمی اور ثقافتی سرگرمیوں میں حصہ لیا۔
شاہی مہمانوں نے پرتپاک خیرمقدم، مہمان نوازی اور جامع خدمات کی فراہمی پر سعودی قیادت شکریہ ادا کیا۔ ان کے روحانی سفر کو آسان بنانے کے لیے وزارت کی کوششوں کو سراہا۔

آخری گروپ میں پاکستان، انڈیا اور بنگلہ دیش سمیت 21 ملکوں سے تعلق رکھنے والے 250 افراد شامل تھے۔
یہ دورہ، وزارت اسلامی امور کے ثقافتی اور تعلیمی پروگرام کا حصہ ہے۔ جس کا مقصد مہمانوں کے تجربات کو بہتر بنانا اور انہیں یہ دکھانا تھا کہ مملکت مقدس مساجد اور اسلامی و تاریخی مقامات کی دیکھ بھال پر کس قدر توجہ دے رہی ہے۔
