سعودی عرب کی سکیورٹی کے دفاع کے لیے تمام ضروری سپورٹ فراہم کریں گے: مصر
اتوار 18 اکتوبر 2026 19:52
بحران کے حل کے لیے سیاسی اور سفارتی کوششیں جاری رکھے گا (فوٹو: ایس پی اے)
مصری ایوان صدر نے اتوار کو کہا ہے کہ مصر، سعودی عرب کی سلامتی اور استحکام کے دفاع کے لیے تمام ضروری اور ممکنہ سپورٹ فراہم کرے گا۔
مصری ایوان صدر نے یہ بھی کہا کہ وہ سعودی عرب کی سپورٹ کے ساتھ کشیدگی میں کمی اور بحران کے حل کے لیے علاقائی اور بین الاقوامی پارٹیز کے ساتھ مل کر سیاسی اور سفارتی کوششیں جاری رکھے گا اور انہیں تیز کرے گا۔
عرب نیوز کے مطابق یمن کی صدارتی قیادت کونسل کے سربراہ رشاد العلیمی نے مصری صدر عبدالفتاح السیسی کی قیادت میں ’جرآت مند مصری موقف‘ کو سرہا۔
سوشل میڈیا اکاؤنٹ پر پوسٹ میں لکھا’مصر اور مملکت کا ریاستی اداروں کی بحالی کی جنگ میں یمنی عوام کے شانہ بشانہ کھڑے ہونا خطے میں سلامتی اور استحکام کا ایک ستون ہے۔‘
’قاہرہ اور ریاض عرب قومی سلامتی کے دو بازو ہیں۔ ان کے اتحاد کے ذریعے ہماری قوم مزید طاقت، ثابت قدمی اور امن کو قائم کرنے کی صلاحیت حاصل ہوتی ہے جس کی ہم خواہش رکھتے ہیں۔‘
اس سے قبل مصر کے صدر عبدالفتاح السیسی نے سنیچر کو کہا تھا کہ انہوں نے مصری پارلیمنٹ کا ایک ہنگامی اجلاس بلانے کی درخواست کی ہے تاکہ اگر سعودی عرب کی جانب سے درخواست کی جائے تو انہیں دفاعی اقدامات کا اختیار مل سکے۔
ایک فوجی اکیڈمی میں گریجویشن تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ’ سعودی عرب نے درخواست کی تو مصر، مملکت کے تحفظ اور دفاع کے لیے تمام ضرروری اقدامات کرے گا
مصری صدر کا کہنا تھا ’سعودی عرب کو نشانہ بنانے والے حملے عرب اور مصری قومی سلامتی کو بھی سبوتاژ کرتے ہیں۔‘
انہوں نے مصر کی جانب سے مملکت کی سلامتی اور استحکام کو درپیش کسی بھی خطرے کو مسترد کیا۔
انہوں نے بحیرہ احمر اور بین الاقوامی بحری گزرگاہوں کی سلامتی کو درپیش خطرات کے حوالے سے بھی خبردار کیا سعودی عرب کے تحفظ اور علاقائی کشیدگی میں کمی کی اہمیت پر زور دیا۔
