بلوچستان میں سکیورٹی فورسز کی کارروائیاں، ’چار دہشت گرد ہلاک ایک میجر شہید‘
بلوچستان میں سکیورٹی فورسز کی کارروائیاں، ’چار دہشت گرد ہلاک ایک میجر شہید‘
پیر 19 اکتوبر 2026 10:18
آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ بڑی مقدار میں اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد کیا گیا ہے (فوٹو: آئی ایس پی آر)
پاکستان فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) نے کہا ہے کہ بلوچستان میں سکیورٹی فورسز کی کارروائیوں میں چار دہشت گردی مارے گئے جبکہ بھاری مقدار میں اسلحہ برآمد کیا گیا ہے۔
پیر کو آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری کیے گئے بیان میں کہا گیا ہے کہ انٹیلی جنس اطلاعات کی بنا پر معلوم ہوا تھا کہ ’انڈین سرپرستی میں سرگرم فتنہ الہندوستان کے دہشت گردوں نے ضلع قلات کے علاقے جٹک آباد اور ضلع گوار کے تحصیل پسنی کے علاقے شادی کور میں ٹھکانے بنا رکھے ہیں، جن سے مقامی آبادی کو خطرات ہیں۔‘
بیان کے مطابق دہشت گردوں کے خاتمے اور علاقے کو محفوظ بنانے کے لیے سکیورٹی فورسز نے کارروائیاں شروع کیں۔ 18 اکتوبر کو فورسز نے ٹھکانے کو نشانہ بنایا اور فائرنگ کے شدید تبادلے کے بعد چار دہشت گرد مارے گئے اور گولہ بارود کی بھاری مقدار بھی برآمد کی گئی۔
دوسری کارروائی کے حوالے سے بتایا گیا ہے کہ ’وہ ضلع گوادر کی تحصیل پسنی میں کی گئی، جس میں فورسز کی ٹیم کو ایک دیسی ساختہ بم دھماکے کا سامنا کرنا پڑا جس کے نتیجے میں ٹیم کی قیادت کرنے والے 34 سالہ میجر وجاہت وحید شہید ہو گئے۔‘
’پسنی میں فوجی دستے پر بم حملہ کیا گیا جس سے قیادت کرنے والے میجر وجاہت وحید شہید ہو گئے‘ (فوٹو: آئی ایس پی آر)
بیان میں عزم ظاہر کیا گیا ہے دوسرے دہشت گروں کے خاتمے کے لیے کلیئرینس آپریشن جاری رہیں گے۔
ترجمان کا کہنا تھا کہ قومی ایکشن پلان کے تحت وفاقی ایپکس کمیٹی کی مںظوری شروع ہونے والی انسداد دہشت گردی کی مہم عزم استحکام پوری رفتار سے جاری رہے گی اور سکیورٹی فورسز و قانون نافذ کرنے والے اداروں نے ملک سے بیرونی سرپرستی میں ہونے والی دہشت گردی کے خاتمے کے عزم کا اعادہ کیا ہے۔