ٹانک میں چیک پوسٹ پر حملے میں 14 اہلکار شہید، 12 دہشت گرد مارے گئے، آئی ایس پی آر
جمعہ 24 جولائی 2026 17:06
افواج پاکستان کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر نے کہا ہے کہ ’ضلع ٹانک میں قائم مشترکہ پولیس چیک پوسٹ پر فتنہ الخوارج سے تعلق رکھنے والے دہشت گردوں کے حملے میں 14 اہلکار شہید ہو گئے جبکہ محکمہ جنگلات کا ایک ملازم بھی جان سے گیا۔‘
بیان کے مطابق ’23 اور 24 جولائی کی درمیانی شب خیبر پختونخوا کے ضلع ٹانک میں قائم مشترکہ پولیس چیک پوسٹ پر اںڈیا کی سرپرستی میں کام کرنے والے فتنہ الخوارج نے دھماکہ خیز مواد سے بھری گاڑی چیک پوسٹ کی حفاظتی دیوار سے ٹکرا دی۔‘
‘حملہ آوروں نے چیک پوسٹ کی سکیورٹی کو توڑنے کی کوشش کی، تاہم فورسز کی بروقت، مستعد اور بھرپور کارروائی نے اُن کے ناپاک عزائم کو ناکام بنا دیا۔‘
آئی ایس پی آر نے مزید بتایا کہ ’فوج کے جوانوں نے غیر معمولی بہادری اور پیشہ ورانہ مہارت کا مظاہرہ کرتے ہوئے فرار ہونے والے 12 خوارج کو ہلاک کر دیا۔‘
’علاقے میں موجود کسی بھی خارجی دہشت گرد کو ختم کرنے کے لیے کلیئرنس (سینیٹائزیشن) آپریشن جاری ہے۔‘
آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ ’عزمِ استحکام‘ کے وژن کے تحت سکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی دہشت گردی کے خلاف مہم پوری رفتار سے جاری رہے گی، تاکہ بیرونی سرپرستی اور دہشت گردی کے ناسور کا مکمل خاتمہ کیا جا سکے۔‘
’ہمارے بہادر جوانوں کی یہ عظیم قربانیاں ہر قیمت پر وطن کے دفاع اور اس کی سلامتی کے لیے ہمارے غیر متزلزل عزم کو مزید مضبوط کرتی ہیں۔‘
