Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سکیورٹی فورسز کا خیبر پختونخوا اور بلوچستان میں آپریشن، 49 دہشت گرد ہلاک: آئی ایس پی آر

پاکستانی فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) نے کہا ہے کہ ’سکیورٹی فورسز نے گذشتہ چند روز کے دوران بلوچستان اور خیبر پختونخوا میں مختلف کارروائیوں میں 49 دہشت گردوں کو ہلاک کیا ہے۔‘
’ان کارروائیوں میں تحریکِ طالبان پاکستان (ٹی ٹی پی) اور خیبر پختونخوا میں سرگرم اُس کے اتحادی گروہوں کو نشانہ بنایا گیا جبکہ بلوچستان میں انڈیا کے حمایت یافتہ گروہ بی ایل اے کے علیحدگی پسندوں کے خلاف آپریشن کیا گیا۔‘
آئی ایس پی آر نے بتایا کہ خیبر پختونخوا کے بنوں، شمالی وزیرستان، اورکزئی اور خیبر اضلاع میں فتنہ الخوارج سے تعلق رکھنے والے 12 عسکریت پسندوں کو ہلاک کیا گیا۔‘
’بلوچستان کے مستونگ، مچھ، خضدار اور پنجگور کے اضلاع میں سکیورٹی فورسز کی 10 کارروائیوں کے دوران مزید 37 عسکریت پسند ہلاک ہوئے۔‘
سکیورٹی حکام کے مطابق ’مارے گئے عسکریت پسندوں کا تعلق ایسے گروہوں سے تھا جنہیں ’فتنہ الہندوستان‘ کے نام سے منسوب کیا جاتا ہے۔‘
بیان میں کہا گیا ہے کہ ’دونوں صوبوں میں آپریشنز کے دوران امن و استحکام کو نقصان پہنچانے کی ہر کوشش کو مؤثر طور پر ناکام بنا دیا گیا۔‘
آئی ایس پی آر نے مزید بتایا کہ ’ان کارروائیوں میں سکیورٹی فورسز کو نمایاں کامیابیاں حاصل ہوئی ہیں اور دہشت گردوں کے نیٹ ورکس کو شدید نقصان پہنچایا گیا۔‘
واضح رہے کہ پاکستان کی سکیورٹی فورسز خیبر پختونخوا کے بعض جنوبی اضلاع میں دوبارہ سرگرم ہونے والی تحریکِ طالبان پاکستان کے خلاف کارروائیاں کر رہی ہیں۔

شیئر: