آپریشن سندور پر بنی انڈین ڈاکیومنٹری حقائق کو مسخ کرنے کی کوشش: آئی ایس پی آر
آپریشن سندور پر بنی انڈین ڈاکیومنٹری حقائق کو مسخ کرنے کی کوشش: آئی ایس پی آر
منگل 18 اگست 2026 7:02
آئی ایس پی آر کے بیان میں کہا گیا ہے کہ انڈیا حقائق کو سامنے نہیں لایا بلکہ اس نے ایک پروپیگنڈہ ویڈیو تیار کی ہے (فوٹو: آئی ایس پی آر)
پاکستان فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) نے انڈیا کی جانب سے ’نام نہاد آپریشن سندور‘ پر بنائی گئی ڈاکیومینٹری کو حقائق کو مسخ کرنے کی کوشش قرار دیا ہے۔
منگل کو ایکس پر جاری کیے گئے بیان میں آئی ایس پی آر کی جانب سے کہا گیا ہے کہ معرکۂ حق کو ایک سال سے زیادہ بیت جانے کے بعد بھی انڈیا شکست تسلیم کرنے کے بجائے تاریخ میں اپنی مرضی کے رنگ بھرنے کی کوشش کر رہا ہے۔
بیان کے مطابق ’انڈین کونٹینٹ کریئٹرز نے نام نہاد آپریشن سندور کی ایک ڈرامائی اور حقائق کے منافی تصویر پیش کی ہے اور اس میں انڈیا کی اعلیٰ سیاسی اور عسکری قیادت بھی شامل ہے۔‘
آئی ایس پی آر کے بیان میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ باریک بینی اور سنجیدگی کے فقدان کے باعث اس ڈاکیومینٹری کو بہ یک وقت المیہ اور مزاحیہ قرار دیا جا سکتا ہے جس میں ایڈیٹ کیے گئے انٹرویوز، جذباتی بیانیے اور بالی وڈ طرز کی منظرکشی کے ذریعے ثابت شدہ حقائق کو بدلنے اور جنگ کے نتائج کو نئے انداز میں پیش کرنے کی کوشش کی گئی ہے۔
پاکستان فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق ’ڈاکیومینٹری میں چیف آف سٹاف کے 16 اپریل 2025 کو کیے گئے خطاب اور 22 اپریل کو ہونے والے پہلگام واقعے میں جان بوجھ کر تعلق قائم کرنے اور ایک بے بنیاد سازشی تھیوری گھڑنے کی کوشش کی گئی۔
بیان کے مطابق ’مزید اہم بات یہ ہے کہ انڈیا نے پہلگام واقعے کے بعد دعویٰ کیا تھا کہ اس کے تین مبینہ ذمہ داروں کو 28 جولائی کو ہلاک کر دیا گیا تھا جو آپریشن سندور کے 82 روز بعد کا وقت بنتا ہے، تاہم نئی ڈاکیومنٹری میں آپریشن انہی افراد کو سزا دینے کے لیے ہونے والی کارروائی کے طور پر پیش کیا گیا ہے۔‘
مئی 2025 میں ہونے والی لڑائی میں پاکستان نے انڈیا کے آٹھ جہاز گرانے کا دعویٰ کیا تھا (فوٹو: اے پی)
بیان میں یہ نکتہ بھی اٹھایا گیا ہے کہ اگر مبینہ ذمہ داروں کو 28 مئی کو ہلاک کیا گیا تھا تو انڈیا کو یہ وضاحت دینا ہو گی کہ سات مئی 2025 کو اس نے کس کو سزا دینے کا دعویٰ کیا تھا۔
آئی ایس پی آر نے ’انڈیا کی جانب سے مشن کی 100 فیصد کامیابی کے دعوے کو زمینی حقائق اور فوجی ریکارڈ کے منافی‘ قرار دیا۔
آئی ایس پی آر کا یہ بھی کہنا تھا کہ معرکۂ حق کے دوران پاکستانی افواج نے انڈین جارحیت کو کامیابی سے ناکام بنایا اور آٹھ طیارے مار گرائے، اس کے بعد پاکستان نے آپریشن بنیان مرصوص کیا جس میں انڈیا کے 26 اہداف کو نشانہ بنایا گیا اور اس کے دوران فتح میزائلوں اور راکٹوں کے علاوہ ایئر فورس کے اہداف کو درست نشانہ بنانے والے ہتھیار اور توپ خانوں کو استعمال کیا گیا۔
آئی ایس پی آر کی جانب سے جنگ بندی کے ضمن میں پیش کی جانے والی تصویر پر بھی سوال اٹھایا اور کہا کہ اس کی ڈاکیومنٹری خود ہی انڈیا کے واضح برتری کے دعوے کی تردید کرتی ہے۔
پچھلے برس مئی میں پاکستان اور انڈیا کے درمیان لڑائی ہوئی تھی (فائل فوٹو: اے ایف پی)
بیان کے مطابق انڈیا حقائق کو سامنے نہیں لایا بلکہ اس نے ایک پروپیگنڈہ ویڈیو تیار کی ہے تاکہ اپنی فوجی ناکامی کو کامیاب کارروائی کے طور پر پیش کیا جا سکے، واقعات کی کتنی ہی فلمی انداز میں منظر کشی کیوں نہ کی جائے اس سے حقیقت نہیں بدلتی۔
انڈیا نے اپنے یوم آزادی پر 15 اگست کو ایک ڈاکیومنٹری فلم جاری کی تھی جو اس کی پاکستان کے ساتھ جنگ سے متعلق تھی۔
خیال رہے پچھلے برس 22 اپریل میں انڈیا کے زیرانتظام کشمیر کے علاقے پہلگام میں سیاحوں پر حملہ ہوا تھا جس کا الزام انڈیا نے پاکستان پر لگایا جبکہ پاکستان نے اس تردید کی۔
تاہم دونوں ممالک کے درمیان کشیدگی بڑھتی چلی گئی اور سات مئی کو انڈیا نے پاکستان کے مختلف علاقوں پر حملے کیے اور اس کو ’آپریشن سندور‘ کا نام دیا گیا۔
اس کے جواب میں پاکستان نے 9 اور 10 مئی کو انڈیا میں مختلف اہداف نشانہ بنایا، بعدازاں امریکی صدر ٹرمپ نے دونوں ممالک کے حکام کے درمیان رابطوں کے بعد جنگ بندی کا اعلان کیا تھا۔