حوثیوں کے خلاف سعودی عرب کی فوجی معاونت میں برطانیہ کی توسیع، دفاعی فضائی گشت بھی شامل
منگل 20 اکتوبر 2026 16:55
وزیر دفاع نے واضح کیا کہ برطانوی طیارے حوثیوں کے اہداف پر حملے نہیں کریں گے (فوٹو: اے ایف پی)
برطانیہ نے منگل کو اعلان کیا ہے کہ وہ حوثیوں کے خلاف سعودی عرب کی فوجی معاونت میں اضافہ کرتے ہوئے رائل ایئر فورس کے جنگی طیاروں کی جانب سے ’دفاعی‘ فضائی گشت بھی شامل کرے گا۔
فرانسیسی نیوز ایجنسی اے ایف پی کے مطابق برطانوی وزیر دفاع ویس سٹریٹنگ نے کہا کہ رائل ایئر فورس کے ٹائفون طیارے سعودی عرب کی فضائی حدود میں دفاعی فضائی آپریشن انجام دیں گے، تاکہ سعودی شہروں، شہری آبادی اور اہم قومی بنیادی ڈھانچے کو حوثیوں کے حملوں سے تحفظ فراہم کیا جا سکے۔
انہوں نے واضح کیا کہ برطانوی طیارے حوثیوں کے اہداف پر حملے نہیں کریں گے۔
ویس سٹریٹنگ نے بتایا کہ برطانیہ سعودی عرب کو فوجی ٹرانسپورٹ کی سہولت اور فوجی مشیر بھی فراہم کرے گا، تاہم مشیروں کی تعداد نہیں بتائی گئی۔
یہ اعلان گذشتہ ماہ برطانیہ کے اس فیصلے کے بعد سامنے آیا ہے جس کے تحت سعودی فضائیہ کے طیاروں کو دورانِ پرواز ایندھن فراہم کرنے کی پیشکش کی گئی تھی۔ اس مشن میں مزید 90 دن کی توسیع کر دی گئی ہے۔
یہ پیش رفت ایسے وقت میں ہوئی ہے جب یمن میں حوثیوں اور بین الاقوامی سطح پر تسلیم شدہ یمنی حکومت کے درمیان تنازع دوبارہ شدت اختیار کر چکا ہے اور حوثی سعودی عرب پر میزائل اور ڈرون حملے کر رہے ہیں۔
